بیجنگ کے ورلڈ پارک میں قلعہ لاہور کے عالمگیری گیٹ کے ماڈل کی افتتاحی تقریب

2023/10/31 20:54:24
شیئر:

 

     بیجنگ کے ورلڈ پارک میں دنیا بھر کے تاریخی و ثقافتی اہمیت کے حامل تعمیراتی ماڈلز  اپنے اپنے  ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے اس کی منفرد تاریخ و ثقافت کی داستان سناتے نظر آتے میں۔  تاہم اس پارک میں کافی عرصے سے پاکستان کی نمائندگی کرتے ماڈل کی کمی محسوس کی جا رہی تھی ۔

 31 اکتوبر کو بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے نے ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا   جس میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے یونیسکو کا عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیئے گئے  قلعہ لاہور  کے شاندار  عالمگیری دروازے  کے ماڈل کی  نقاب کشائی کی ۔ تاریخی اہمیت کا حامل یہ شاندار قلعہ مغل شہنشاہ اورنگ زیب نے سترہویں صدی عیسوی میں  تعمیر کیا تھا۔

حالیہ مہینوں میں، یہ چین میں نمائش کے لیے پیش کیا جانے والا  دوسرا تعمیراتی نمونہ ہے اس سے قبل چھاو یانگ پارک میں مینارٰ پاکستان کا ماڈل رکھا کیا گیا تھا  ۔ عوامی پارکس میں ملک کی نمائندگی کرنے والی تاریخی عمارات کے ماڈلز   کی نمائش ثقافتی اور عوامی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر معین الحق نے عالمگیری گیٹ کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے  کہا کہ  یہ تاریخی دروازہ  پاکستان اور  چین کی  مثالی دوستی کی علامت  ہے  ۔ پاکستان اور چین 2023 کو سیاحت کے سال کے طور پر منا رہے ہیں اور اس پر شکوہ اور تعمیری شاہکار کا  یہ شاندار نمونہ  چینی سیاحوں کو پاکستان کے تاریخی و ثقافتی مقامات کی سیاحت کی جانب مائل کرے گا۔

دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے چین اور پاکستان کے درمیان باہمی اعتماد کو فروغ دینے اور اسٹریٹجک تعاون کی شراکت داری کو مضبوط بنانے میں ثقافتی تعاون  کی اہمیت پر زور دیا۔

  تقریب میں ایک چینی طالبہ نے سفیرٰ مھترم کو چین پاک دوستی کی علامت کے طور پر اپنے ہاتح سے بنائی گئی ایک پینٹنگ بھی پیش کی اور پاکستان کے لیے اپنی محبت کا اظہار کیا ۔ معین الحق نے دونوں ممالک کے درمیان طلبا کے تبادلوں کے تحت اس بچی کو پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہوئے  کہا کہ دونوں ممالک کی یہ دوستی انہی نوجوانوں نے آگے بڑھانی ہے اور نوجوانوں کا ایک دوسرے کی ثقافت کو سمجھنا  اس دوستی کو  مزید مضبوط بنائے گا ۔

افتتاحی تقریب میں چینی اسکالرز، میڈیا سے وابستہ افراد اور  چین میں  مقیم پاکستانیوں کی  بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ پارک میں آئے ہوئے چینی اور غیر ملکی افراد نے بھی اس دروازے کی خوبصورتی اور طرزٰ تعمیر کو بے حد  پسند کیا۔