غزہ پٹی کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کا اسرائیلی افواج کا دعویٰ، فائربندی کے لئے متعدد ممالک کی اپیل

2023/11/06 10:08:45
شیئر:

⁠⁠⁠⁠⁠⁠⁠

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق،   5 نومبر تک  غزہ کی پٹی میں ہلاکتوں کی تعداد 9،700 سے تجاوز کر گئی ہےجبکہ مغربی کنارے میں ہلاکتوں کی تعداد 153 ہے۔ اسرائیلی میڈیا نے  اسرائیلی وزارت صحت کےحوالے بتایا ہے کہ تصادم کے موجودہ دور میں اسرائیل کے 1400 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

 اسرائیلی وزارت دفاع کے ترجمان نے 5 تاریخ کو کہا کہ اسرائیلی فوج نے اسی دن غزہ کی پٹی کے خلاف مشترکہ فوجی آپریشن کرکے غزہ کی پٹی کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا ہے۔ 5 تاریخ کی رات کو اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے شمال اور شمال مغرب میں مزید شدید فضائی حملے کیے اور اسی دن غزہ کی پٹی میں انٹرنیٹ اور مواصلاتی خدمات ایک بار پھر معطل ہو گئیں۔ فلسطینی خبر رساں ادارے کی 5 تاریخ کو جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے 4 تاریخ کی رات کو مغازی پناہ گزین کیمپ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 51 افراد ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔

 فلسطین کے صدر محمود عباس نے 5 تاریخ کو مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن سے ملاقات کے موقع پر اپیل کی کہ  "تباہ کن تنازع" کو فوری طور پر ختم کیا جائے  اور کہا کہ اسرائیل کو موجودہ صورتحال کی مکمل ذمہ داری لینی چاہئے۔ 5 تاریخ کو ٹائمز آف اسرائیل کی  رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اسی دن اس بات کا اعادہ کیا کہ اسرائیل اس وقت تک جنگ بندی پر راضی نہیں ہوگا جب تک حماس اپنے زیر حراست اسرائیلی اہلکاروں کو رہا نہیں کرتی۔ 

پانچ تاریخ کو  مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے   یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیئن کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت میں کہا کہ مصر منصفانہ حل نہ ہونےکی صورت میں فلسطینیوں کو غزہ کی پٹی سے مصر منتقل کرنے کی مخالفت کرتا ہے۔ بین الاقوامی برادری کو چاہیے کہ وہ  جنگ بندی کے لئے کوشش کرتے ہوئے  دو ریاستی فارمولے کے نفاذ کے لیے سیاسی راستہ کھولے، جو خطے میں منصفانہ اور دیرپا امن کے حصول کا واحد راستہ ہے۔ فرانس کے وزیر خارجہ کولونا نے 5 تاریخ کو قطر کا دورہ کیا اور قطر کے امیر  شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی سے بات چیت کی۔ بات چیت کے بعد  ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں فرانسسی وزیر خارجہ نے کہا کہ "فوری ، مستقل اور پائیدار انسانی جنگ بندی" ضروری ہے۔ادھر  اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے 4 تاریخ کو دارالحکومت عمان میں کہا کہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی دونوں فلسطین کا حصہ ہیں اور وہ فلسطین کو تقسیم کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتے ہیں۔