⁠⁠⁠⁠⁠⁠⁠ غزہ کی پٹی میں 10 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور انسانی بحران کی شدت جاری

2023/11/07 09:25:27
شیئر:

 غزہ کی پٹی میں فلسطینی محکمہ صحت اور اسرائیلی وزارت صحت کے مطابق فلسطین اسرائیل تنازعے کے موجودہ دور میں دونوں اطراف سے 11,500 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں سے غزہ کی پٹی میں 10,022، مغربی کنارے میں 155 اور اسرائیل کی طرف سے 1،400 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی دفاعی افواج  نے 6 تاریخ کو کہا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں زمینی سرگرمیوں کو جاری رکھا اور فلسطینی اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) کے مضبوط گڑھ پر قبضہ کر لیا۔ 

ورلڈ فوڈ پروگرام نے 5 تاریخ کو خبردار کیا کہ غزہ کی پٹی کی دکانوں میں صرف پانچ دن کی  بنیادی خوراک کا ذخیرہ بچا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ غزہ شہر اور شمالی غزہ کے لاکھوں رہائشیوں کو ایندھن کی کمی اور پانی پمپ کام نہ کرنے کی وجہ سے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ جنوبی غزہ میں ایندھن کی کمی کی وجہ سے 2 نومبر سے تمام میونسپل کنویں اپنا کام معطل کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ علاقے میں دو ڈی سیلینیشن پلانٹس میں سے ایک کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ فلسطین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے بھی 6 تاریخ کو اعلان کیا کہ غزہ کی پٹی میں القدس اسپتال میں جنریٹرز کے لئے ایندھن کے ذخائر اگلے 48 گھنٹوں میں ختم ہونے کا خدشہ ہے۔ 

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے 6 تاریخ کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ مسلح تنازعے میں کوئی بھی فریق بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے ایک بار پھر اپیل کی کہ  فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی جائے  اور غزہ کی صورتحال کے اثرات کے خطے سے باہر پھیلنے کے امکان  پر توجہ دی جائے۔