فلسطین اسرائیل تنازع کی تازہ صورتحال

2023/11/09 09:56:37
شیئر:

⁠⁠⁠⁠⁠⁠⁠

  فلسطینی خبر رساں ادارے  کی آٹھ نومبر کی اطلاعات کے مطابق مشرق قریب میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) نے کہا ہے کہ  اسرائیلی حملوں کی وجہ سے غزہ کی پٹی میں تقریباً 300،000 بچے تعلیمی مواقع سے محروم ہو گئے ہیں۔

 مقامی وقت کے مطابق 8 نومبر کو یو این آر ڈبلیو اے کے ڈائریکٹر جنرل لازارینی اور ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یو این آر ڈبلیو اے کی مدد سے ڈبلیو ایچ او کا ہنگامی طبی سامان اور ادویات شمالی غزہ کی پٹی میں شفا اسپتال پہنچائی گئیں۔ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ انسانی امداد پورے غزہ کی پٹی کا احاطہ کرے اور شمالی حصے کو الگ تھلگ نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی اسے الگ تھلگ کیا جانا چاہیے۔ یو این آر ڈبلیو اے اور ڈبلیو ایچ او نے غزہ کی پٹی میں انسانی ہمدردی کے اداروں کو ایندھن فراہم کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ اگر اسپتالوں ، ڈی سیلینیشن پلانٹس اور بیکریوں جیسے بنیادی ڈھانچے کام نہیں کریں گے تو مزید اموات کاخدشہ ہوگا۔ دونوں ایجنسیوں نے صحت کی تمام سہولیات، صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں، مریضوں اور زخمیوں کے تحفظ کا بھی مطالبہ کیا۔  اب تک یو این آر ڈبلیو اے کے عملے کے 92 ارکان ہلاک ہو چکے ہیں۔ 

مصر کے وزیر خارجہ شوکری نے 8 تاریخ کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل گوتریس کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت میں اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی شہریوں کی حفاظت اور غزہ کی پٹی میں انسانی بحران کو کم کرنے کے لئے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے لئے کوششیں کی جانی چاہئیں۔ اس کے ساتھ ساتھ غزہ کی پٹی کو مربوط، محفوظ اور پائیدار انداز میں انسانی امداد کی ضمانت دی جانی چاہیے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی حالیہ قرارداد میں  بین الاقوامی اتفاق رائے کی بنیاد پر غزہ کی پٹی میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا نفاذ کیا جائے اور فلسطینیوں کی جبری منتقلی کی پالیسی کو مسترد کیا جائے۔ادھر عرب  لیگ   کے سیکرٹری جنرل غیط نے 8 تاریخ کو متنبہ کیا کہ مغربی کنارے میں اسرائیل کے تشدد میں مسلسل اضافہ مغربی کنارے میں صورتحال کو مکمل طور پر قابو سے باہر کرنے  کا سبب بن سکتا ہے۔

 اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے 8 تاریخ کو اس بات کا اعادہ کیا کہ اگر فلسطینی اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) نے حراست میں لیے گئے اسرائیلی اہلکاروں کو رہا نہیں کیا تو غزہ کی پٹی میں جنگ بندی نہیں ہوگی۔  حماس سے وابستہ ایک مسلح ونگ، قاسم بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے 8 تاریخ کو  ایک  ویڈیو  بیان میں کہا کہ غزہ کی پٹی میں زیر حراست افراد کی رہائی کا واحد راستہ قیدیوں کا مکمل یا بتدریج تبادلہ ہے۔