فلسطین اسرائیل تنازع کے موجودہ دور میں اب تک 12,300 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں

2023/11/10 09:53:51
شیئر:

فلسطینی غزہ کی پٹی کے محکمہ صحت کے مطابق 9 تاریخ کو غزہ کی پٹی میں ہلاکتوں کی تعداد 10,812 ہوگئی ہے جن میں 4412 بچے بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مغربی کنارے میں 165 افراد ہلاک ہوئے۔ اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل کی جانب سے 1400 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جھڑپوں کے موجودہ دور میں اب تک 12,300 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

9 نومبر کی شام  فلسطینی اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) کے میڈیا آفس نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ غزہ کی پٹی میں 18 اسپتالوں اور 46 طبی مراکز میں خدمات معطل کردی گئی ہیں۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ کی پٹی میں 88 سے زائد سرکاری عمارتوں اور 238 اسکولوں پر حملے کیے جبکہ 67 مساجد   کومکمل طور پر تباہ اور 145 مساجد اور 3 گرجا گھروں کو جزوی نقصان پہنچایا گیا۔ فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی "وفا" کی 9 نومبر کی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے اسی دن غزہ شہر کے مغرب میں نصر چلڈرن ہسپتال پر متعدد گولے داغے جس سے ہسپتال کی سہولیات کو شدید نقصان پہنچا۔ اسرائیل کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ فلسطین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے 9 تاریخ کو  کہا کہ تنظیم کو 8 تاریخ کو مصری ہلال احمر سوسائٹی کی جانب سے انسانی امداد سے لدے 106 ٹرک موصول ہوئے ہیں۔

آئی ڈی ایف کے ایک ترجمان نے 9 تاریخ کی شام کو تصدیق کی کہ اسرائیلی فوج صرف "محدود وقت اور علاقے میں انسانی امداد کے لئے کارروائیاں جزوی معطلی" کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ آئی ڈی ایف کے ایک ترجمان کے مطابق غزہ کے لوگوں کو 2 انسانی راہداریاں فراہم کی جائیں گی، جس میں شہریوں کو شمالی غزہ سے جنوب کی طرف سفر کرنے کی اجازت دینے کے لئے چار گھنٹے کا وقفہ دیا جائے گا وقفوں کے دوران اسرائیل کوئی فوجی کارروائی نہیں کرے گا۔

اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام اور مغربی ایشیا کے اقتصادی و سماجی کمیشن نے 9 تاریخ کو ایک رپورٹ جاری کی جس میں کہا گیا ہے کہ فلسطین اسرائیل تنازعہ کے نتیجے میں فلسطین میں غربت کی شرح میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے اور مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) میں 4.2 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ اگر یہ تنازعہ دوسرے ماہ بھی جاری رہا تو فلسطین میں غربت کی شرح میں 34 فیصد اضافہ ہو جائے گا اور پانچ لاکھ افراد غربت کا شکار ہو جائیں گے۔ فلسطین کے جی ڈی پی میں 8.4 فیصد کمی آئے گی۔