ایران مصر تعلقات کی بہتری دونوں ممالک اور خطے کے مفادات سے مطابقت رکھتی ہے ، ایرانی وزارت خارجہ

2023/11/14 09:59:39
شیئر:

تیرہ تاریخ کو ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے  معمول کی پریس کانفرنس  میں  کہا کہ عرب اور اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے مشترکہ خصوصی  سربراہی اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کے درمیان ملاقات ہوئی  ۔  فریقین  نے دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ دینے  سمیت دیگر  امور پر تبادلہ خیال کیا۔ 

 ترجمان نے کہا  کہ ایران اور مصر کے صدور کے درمیان ریاض میں ہونے والی ملاقات دونوں ممالک کے  سیاسی تعلقات  میں ایک اہم واقعہ ہے۔ ہم ریاض میں دونوں سربراہان مملکت کے درمیان ہونے والی ملاقات کو مثبت طور پر دیکھتے ہیں۔ ایران اور مصر کے درمیان تعلقات میں بہتری دونوں ممالک اور علاقائی ممالک کے مفاد میں ہے۔

یاد رہے کہ  ایران میں 1979 ء میں اسلامی انقلاب برپا ہوا اور پہلوی خاندان کا تختہ الٹ دیا گیا۔ اسی سال مصر نے اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کیے اور ایرانی جلاوطن بادشاہ کو سیاسی پناہ دے دی ، ایران نے فوری طور پر مصر کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔ تاحال ، دونوں ممالک کے درمیان  سفارتی تعلقات بحال نہیں ہوسکے ہیں تاہم فریقین نے خارجہ امور نمٹانے کے لیے  ایک دوسرے کے ممالک میں مفادات کے نمائندہ دفاتر قائم کر رکھے ہیں۔ 2022 کے آخر میں ، ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے مصری ہم منصب کے ساتھ بات چیت کی ، اور  فریقین نےدونوں ممالک کے مابین قونصلر معاملات کے حل تک پہنچنے کے لئے بات چیت پر اتفاق کیا۔