غزہ کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا دوبارہ اجلاس

2023/11/23 10:43:00
شیئر:

 مقامی وقت کے مطابق 22 نومبر کو متحدہ عرب امارات اور مالٹا کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے چین کی سربراہی میں غزہ کی پٹی کی صورتحال پر ایک اور کھلا اجلاس منعقد کیا۔

 اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب جانگ جون نے کہا کہ چین امن کی بحالی کے لیے انتھک کوششیں کر رہا ہے۔ بین الاقوامی برادری کو فوری طور پر جنگ بندی  کو فروغ دینے کے لئے اپنی کوششوں کو تیز کرنا چاہئے۔ چین  عام شہریوں کے مکمل تحفظ کا مطالبہ کرتا ہے، غزہ کی پٹی میں بین الاقوامی انسانی قوانین کی واضح خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور دو ریاستی حل کے سیاسی امکانات کو بحال کرنے کی کوششوں کو تقویت دیتا ہے۔

چینی نمائندے کا کہنا تھا کہ   موجودہ صورتحال کا کوئی بھی حل دو ریاستی حل سے منحرف نہیں ہونا چاہئے اور علاقائی امن و استحکام کے لئے سازگار ہونا چاہئے۔ فلسطین کے مستقبل اور تقدیر کے بارے میں کوئی بھی انتظام فلسطینی عوام کی رضامندی اور خطے کے ممالک کے جائز خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جانا چاہئے۔ اقوام متحدہ کو بین الاقوامی اتفاق رائے پیدا کرنے اور امن عمل کو آگے بڑھانے میں فعال کردار ادا کرنا چاہئے۔ سلامتی کونسل کو فلسطین اسرائیل صورتحال پر ذمہ دارانہ اور بامعنی کارروائی کرنے کے لئے تیار رہنا چاہئے جو  تاریخ اور ضمیر کے امتحان پر پورا اتر سکتی ہیں۔