اسرائیل اور حماس کے درمیان عارضی جنگ بندی کا معاہدہ 24 تاریخ شام 7 بجے سے نافذ العمل ہوگا

2023/11/24 09:07:43
شیئر:

 فلسطین اور اسرائیل کے درمیان تنازع کا نیا دور ایک ماہ سے زائد عرصے سے جاری ہے اور اب تک تنازعے کے اس دور کے نتیجے میں دونوں اطراف سے 16 ہزار 200 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ان میں سے غزہ کی پٹی میں ہلاکتوں کی تعداد 14 ہزار 854 تک پہنچ گئی ہے جبکہ  مغربی کنارے میں 225 افراد ہلاک ہوئے۔ اسرائیلی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل کی جانب تقریبا 1200 افراد ہلاک ہوئے۔

 قطرکی وزارت خارجہ نے ثالث کے طور پر اسی دن کہا  کہ غزہ کی پٹی میں   مقامی وقت کے مطابق 24 تاریخ کو شام  7 بجے سے جنگ بندی شروع ہو گی، اور  اسرائیل ،حماس اور دیگر فلسطینی مسلح گروہ "تمام فوجی کارروائیاں" روک دیں گے۔ قطر کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ انہیں قیدیوں کی فہرست مل گئی ہے اور حماس اسی دن 13 قیدیوں کو رہا کر دے گی۔

 بین الاقوامی برادری نے اسرائیل اور حماس کے درمیان عارضی جنگ بندی کے معاہدے کا خیر مقدم کیا اور تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ معاہدے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں، تنازع کے جلد از جلد مکمل خاتمے کو فروغ دیں اور مستقل جنگ بندی کریں ۔

 اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے 22 تاریخ کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسرائیلی حکومت اور حماس کے درمیان عارضی جنگ بندی کے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ صحیح سمت میں ایک اہم قدم ہے، لیکن ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ اقوام متحدہ اس معاہدے پر عمل درآمد کی حمایت کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی اور غزہ کی پٹی میں انسانی صورتحال پر اس کے مثبت اثرات کو تقویت دے گی۔