سوڈان کی نو ریاستیں صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے سے قاصر ہیں: سوڈانی وزیر صحت

2023/11/26 15:41:45
شیئر:

مقامی وقت کے مطابق  26 نومبر کو سوڈان کے وزیر صحت ہیثم ابراہیم نے کہا ہے  کہ سوڈان میں مسلح تصادم کے باعث  ملک کی 18  ریاستوں میں سے 9 ریاستیں بشمول خرطوم جہاں دارالحکومت واقع ہے، اب لوگوں کو بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ ریاست خرطوم میں 100 سے زیادہ اسپتالوں نے کام بند کر دیا ہے اور اب  صرف چند اسپتال  ہی کام کر رہے ہیں۔ دارفور اور کوردوفان کے علاقوں میں بھی  زیادہ تر اسپتالوں میں  طبی  خدمات بند کردی گئی ہیں۔ ان علاقوں میں رہنے والے دو کروڑ سے زائد افراد کو ہنگامی طور پر  طبی دیکھ بھال کی اشد ضرورت ہے۔

 ابراہیم نے کہا کہ حال ہی میں سوڈان کے بہت سے علاقوں میں ہیضے کی  بیماری  وسیع پیمانے پر پھیلی، اور ملک بھر میں 3 ملین سے زیادہ افراد کو انفیکشن کا خطرہ ہے۔ سوڈان کی 10 ریاستوں میں  ڈینگی بخار  بھی پھیل چکا ہے۔ اس حوالے سے  سوڈان کی وزارت صحت، یونیسیف اور عالمی ادارہ صحت متعدد ریاستوں میں ویکسینیشن مہم چلانے کے لیے مشترکہ کارروائیاں کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ رواں  سال 15 اپریل کو سوڈانی مسلح افواج (ایس اے ایف) اور ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان دارالحکومت خرطوم میں مسلح جھڑپیں شروع ہوئیں تھیں  اور پھریہ جھڑپیں  دوسرے علاقوں میں پھیل گئیں  جوابھی  تک  جاری ہیں۔