حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کی تیسری کھیپ کا تبادلہ مکمل، عارضی جنگ بندی معاہدے میں توسیع متوقع

2023/11/27 09:21:04
شیئر:

 فلسطینی اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) اور اسرائیل نے عارضی جنگ بندی معاہدے کے مطابق قیدیوں کی تیسری کھیپ کا تبادلہ مکمل کر لیا ہے۔ حماس نے چھبیس نومبر کو  کہا کہ اس نے 17 قیدیوں کو آئی سی آر سی کے حوالے کر دیا ہے جن میں 13 اسرائیلی، تین تھائی اور ایک روسی شامل ہے۔ آئی ڈی ایف نے بعد ازاں ایک بیان کے ذریعے  اس کی تصدیق کی ہے۔ فلسطینی خبر رساں ادارے کی 26 تاریخ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے اسی روز کی  رات 39 نوعمر فلسطینیوں کو رہا کر دیا اور یہ افراد اب مغربی کنارے کی جیل سے کار کے ذریعے راملہ کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ 

26 تاریخ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں حماس نے اعلان کیا کہ اگر اسرائیل کی جانب سے رہائی پانے والے فلسطینی قیدیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جاتا ہے تو حماس غزہ  میں چار روزہ عارضی جنگ بندی معاہدے میں توسیع کی کوشش  کرے گی۔ اسرائیلی ٹی وی چینل 12 کی 26 تاریخ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو  نے اسی روز امریکی صدر بائیڈن کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی پٹی میں عارضی جنگ بندی کا معاہدہ ختم ہونے کے بعد اسرائیل غزہ  میں فوجی کارروائیاں مکمل طور پر بحال کر دے گا تاہم  نیتن یاہو نے یہ بھی کہا کہ اگر دیگر دس اسرائیلی قیدیوں کو رہا کیا جا تا ہے تو  وہ جنگ بندی معاہدے میں توسیع کو قبول کریں گے۔

 العرب ٹیلی ویژن نے 26 نومبر کو مصری ہلال احمر سوسائٹی کے حوالے سے خبر دی  کہ امدادی سامان لے جانے والے 80 ٹرک رفاح کراسنگ کے ذریعے غزہ کی پٹی میں داخل ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایندھن لے جانے والی سات گاڑیاں بھی اسی دن غزہ  میں داخل ہوئیں۔ اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے امورِ انسانی  کے  مطابق شمالی غزہ کی پٹی میں اس وقت صرف چار چھوٹے ہسپتال کام کر رہے ہیں اور ان میں نئے  مریضوں کے علاج  کی گنجائش ہے۔ اس کے علاوہ، جنوبی علاقے میں بھی  11  ہسپتالوں میں سے 8  ہسپتال اب علاج معالجے کی سہولیات  فراہم کر رہے ہیں.