حماس اور اسرائیل ،عارضی جنگ بندی معاہدے میں دو روز کی توسیع پر متفق

2023/11/28 09:27:31
شیئر:

27 نومبر کو  قطر ی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے اعلان کیا کہ حماس اور اسرائیل نے عارضی جنگ بندی معاہدے میں دو دن کی توسیع پر اتفاق کیا ہے۔ الجزیرہ ٹی وی  کے مطابق حماس کی جانب  سے غزہ میں عارضی جنگ بندی  معاہدے میں دو روز کی توسیع کی تصدیق کی گئی ہے اور جنگ بندی کی شرائط پہلے جیسی ہی ہیں۔ اسرائیلی حکام نے تصدیق کی ہے کہ عارضی جنگ بندی میں دو دن کی توسیع کی جائے گی اور اگلے دو دن تک روزانہ  10 اسرائیلی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے  27  نومبر کو ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اسرائیل اور حماس نے عارضی جنگ بندی کے معاہدے میں دو روز کی توسیع پر اتفاق کیا ہے جس سے غزہ کی صورت حال میں 'امید کی ایک کرن' پیدا ہوئی ہے۔

 اسرائیل کی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) نے ستائیس نومبر کی رات ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی پٹی میں عارضی جنگ بندی کے دوران رہا کیے جانے والے اسرائیلی اہلکاروں  کی چوتھی کھیپ اسرائیل پہنچ گئی ہے۔ اس کھیپ میں 11 اسرائیلیوں کو رہا کیا گیا جن میں نو بچے اور دو خواتین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ العرب ٹی وی  نے  خبر دی ہے کہ ریڈ کراس سوسائٹی  کی  ٹیم فلسطینیوں کی چوتھی کھیپ کی رہائی کے لیے مغربی کنارے میں اسرائیل کی اوفر جیل پہنچ گئی ہے اور اس بار 33 فلسطینیوں کو رہا کیا جائے گا۔

 27 تاریخ کو غزہ کی پٹی میں صورتحال مجموعی طور پر   پرسکون رہی۔ تاہم فلسطینی خبر رساں ادارے کے مطابق 26 تاریخ کو وسطی غزہ میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے کچھ فلسطینیوں پر حملہ کیا گیا۔  26 سے 27 تاریخ تک اسرائیلی فوج مغربی کنارے کے کئی مقامات پر حملے کرتی رہی اور فلسطینیوں کے ساتھ جھڑپیں ہوتی رہیں۔اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں ، فلسطین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی اور مصر کی مدد سے  اگرچہ غزہ کی پٹی میں امدادی سامان لے جانے والے ٹرکوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ، لیکن امدادی سامان  کی کمی کی صورتحال میں  بنیادی طور پر کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل -فلسطین تنازع کے موجودہ دور میں اب تک غزہ کی پٹی میں 17 لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔