حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کی چھٹی کھیپ کا تبادلہ

2023/11/30 10:09:33
شیئر:

⁠⁠⁠⁠⁠⁠⁠

 چین نے مصر کے ذریعے غزہ  کو خوراک اور ادویہ جیسی ہنگامی امداد فراہم کی ہے۔ 28 نومبر کو  سامان کے آٹھ ٹرک   ڈبہ بند خوراک ، بسکٹ، دودھ، شہد، اناج اور  پینے کا پانی وغیرہ لے کر مصر کے شہر اریش بھیجے گئے  جہاں سے انہیں رفح کراسنگ کے ذریعے غزہ پہنچایا جائے گا۔ اس کے علاوہ، 29 نومبر کوفلسطین میں حکومتِ چین کے  دفتر   نے مشرق وسطی  میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کو ایک ملین امریکی ڈالر  کی نقد  ہنگامی امداد فراہم کی۔

 30 تاریخ کو علی الصبح اسرائیلی میڈیا نے اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کے ذرائع کے حوالے سے خبر دی کہ  حماس کی جانب سے رہا کی جانے والی نو اسرائیلی خواتین، ایک اسرائیلی بچہ اور تھائی لینڈ کی چار خواتین اسرائیل میں داخل ہو گئی ہیں۔ فلسطینی خبر رساں ادارے کے مطابق  29 نومبر کی شام فلسطینی قیدیوں کے امور کے محکمے نے کہا کہ انہیں فلسطینی قیدیوں کی چھٹی کھیپ کی فہرست مل گئی ہے جنہیں  اسرائیل اسی رات رہا کرے گا۔ فہرست میں  15 خواتین اور 15 بچے شامل ہیں۔ اسی روز خبر رساں ادارے رائٹرز نے مصری ذرائع کے حوالے سے  خبر دی تھی  کہ اسرائیل اور حماس غزہ میں عارضی جنگ بندی کے معاہدے میں مزید دو دن کی توسیع کر سکتے ہیں۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ مستقبل میں رہا کیے جانے والے قیدیوں کی تعداد ابھی زیر غور ہے۔

  29 نومبر کو  عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایدھانوم گیبریسس نےاپنے ذاتی سوشل میڈیا اکاونٹ پر پوسٹ کیا کہ غزہ میں پناہ گزین کیمپس میں لوگوں کی تعداد بہت زیادہ ہوگئی ہے  اور خوراک، پانی، صفائی ستھرائی کی سہولیات اور ادویہ  کی کمی کی وجہ سے  یہاں  بیماریاں پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ غزہ  میں بیماری سے مرنے والوں کی تعداد اسرائیل - حماس تنازع سے مرنے والوں کی تعداد  سےزیادہ ہوسکتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق  29 نومبر تک  فلسطین اور اسرائیل کے حالیہ تنازع میں دونوں اطراف  16,400 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔