⁠⁠⁠⁠⁠⁠⁠حماس اور اسرائیل کے درمیان عارضی جنگ بندی معاہدے میں مزید ایک دن کی توسیع

2023/12/01 09:58:36
شیئر:

غزہ میں  اسرائیل اور  حماس کے درمیان عارضی جنگ بندی  معاہدے کی مدت مقامی وقت کے مطابق  30 نومبر کی صبح 7 بجے ختم ہوگئی۔ تاہم قطر اور دیگر فریقین کی ثالثی میں اسرائیل اور حماس نے جنگ بندی کومزید ایک دن کی توسیع  دینے  پر اتفاق کیا ہے۔

 30 نومبر کو، حماس نے  اسرائیلی قیدیوں کی ساتویں کھیپ کو رہا کیا۔فلسطینی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس نے  اسرائیل اور فرانس کی دہری شہریت رکھنے والی دو خواتین قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ رہا کی گئی دونوں خواتین اسرائیلی علاقے میں داخل ہو چکی ہیں۔ اسی رات اسرائیلی فوج نے کہا کہ حماس نے مزید چھ قیدیوں کو رہا کر کے ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے حوالے کر دیا ہے۔بعد ازاں  اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے بھی اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ  رہا کیے گئے افراد  اسرائیلی علاقے میں داخل ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ فلسطین کے قیدیوں کے امور کے محکمے کا کہنا  ہے کہ  اسے اسرائیل کی طرف سے فلسطینی قیدیوں کی ساتویں فہرست موصول ہوئی ہے جنہیں اسی رات رہا کیا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق  ساتویں کھیپ میں  8 خواتین اور 22 بچوں سمیت کل تیس افراد شامل ہیں۔

 عالمی ادارہ صحت کے مطابق اس وقت غزہ کی پٹی کے 36 اسپتالوں میں سے صرف 15 فعال ہیں۔یہ تمام ہسپتال گنجائش سے زیادہ مریضوں سے بھرے ہوئے ہیں اور مقامی طبی انفراسٹرکچر کے تحفظ کی اشد ضرورت ہے۔ 30 نومبر کو اردن نے غزہ میں  امداد کے لیے ہنگامی   تعاون پر بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کی. اجلاس میں اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی امور، ورلڈ فوڈ پروگرام، مشرق وسطی  میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی، اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ، عالمی ادارہ صحت، اقوام متحدہ کی خواتین، ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی اور دیگر سمیت 30 سے زائد بین الاقوامی انسانی   تنظیموں کے سینئر حکام کے علاوہ 30 سے زائد ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں خطے میں امداد کی ترجیحات اور فوری ضروریات کی نشاندہی کی گئی نیز  امداد کی فراہمی کے لیے درکار لاجسٹک آپریشنز اور ڈسٹری بیوشن میکانزم اور وسائل کو تیزی سے  موثر انداز میں متحرک کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔