امریکہ کی جانب سے ویٹو کے باعث سلامتی کونسل کی قرارداد مسترد ہونے پر متعدد ممالک کا اظہار افسوس

2023/12/09 15:59:21
شیئر:

⁠⁠⁠⁠⁠⁠⁠مقامی وقت کے مطابق  8 دسمبر  کو  اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے پیش کردہ قرارداد کے مسودے پر ووٹ دیا جس میں غزہ کی پٹی میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے فوری نفاذ کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ یہ قرارداد منظور نہیں کی جا سکی کیونکہ اس کے خلاف ووٹ دینے والے امریکہ کے پاس  ویٹو کا اختیار تھا۔اس پر کئی ممالک کے  نمائندوں نے   افسوس کا اظہار کیا  ہے۔

 اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کے نائب مستقل مندوب نے  شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ  ناقابل بیان مصائب کے باوجودسلامتی  کونسل انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔ یہ  افسوسناک نتائج  کونسل کے ارکان سے غزہ کی پٹی میں تشدد کے خاتمے کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ جاری رکھنے سے نہیں روک سکیں گے۔ اقوام متحدہ میں فلسطین کے مستقل مبصر نے کہا کہ آج کا دن سلامتی کونسل کی تاریخ کا افسوسناک دن ہے۔ ہم ہمت نہیں ہاریں گے، ہم سخت محنت جاری رکھیں گے اور ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم فلسطینی عوام، خاص طور پر غزہ کی پٹی کے لوگوں کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں۔

 اس کے علاوہ فرانس، روس، مالٹا، سوئٹزرلینڈ، گیبون، موزمبیق اور کئی دیگر ممالک نے بھی قرارداد کے مسودے کو مسترد کیے جانے پر مایوسی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔