پاکستان کے نگراں وفاقی وزیر برائے تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجا ز اور ان کے ہمراہ پاکستان سے آئے ہوئے کاروباری افراد کے وفد کے اعزاز میں ایک استقبالیہ تقریب بیجنگ میں منعقد ہوئی ۔تقریب میں وفاقی وزیر سمیت چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی ،بیجنگ میں موجود پاکستانی کاروباری افراد اور چینی کاروباری اداروں کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر پاکستان کے نگراں وفاقی وزیر برائے تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز خان نے کہا کہ حالیہ کچھ عرصے میں ان کا چین کا یہ دوسرا دورہ ہے اور وہ چین پاکستان تجارت کے فروغ کے لئے کی جانے والی کوششوں کو مزید تیز کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چین کے صدر شی جن پھنگ کی قیادت میں چین نے جس انداز میں بیلٹ اینڈ روڈ ،اس سے منسلک منصوبے سی پیک اور چین کی ترقی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ قابل تقلید ہیں۔وفاقی وزیر نے چینی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ ٹیکسٹائل ، خوراک ، زراعت ، کیمیکلز ، کھاد اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کی نمائندگی کرنے والے 20 رکنی کاروباری وفد کی چین میں موجودگی کا فائدہ اٹھائیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کریں ۔اس سے قبل ۔چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے اپنے استقابلیہ خطاب میں چین کی بزنس کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان تجارت تعلقات کے فروغ میں بے پناہ صلاحیت ہے کیوں کہ دونوں ممالک کے تعلقات کی نمایاں خوبی ان کے عوام کے درمیان دوستی کا رشتہ ہے۔تقریب کے میزبان معروف بزنس مین لیو یافی نے اپنے خطاب میں پاکستان سے آئے کاروباری وفد کو خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی اس دورے سے چین اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات اور دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا۔تقریب کےاختتام پر پاکستان کے وفاقی وزیر نے میزبان کو تعریفی اور یادگاری شیلڈز پیش کیں۔