غزہ میں مواصلات اور انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر معطل، غزہ میں اسرائیلی فوجی آپریشن کئی ماہ جاری رہے گا، اسرائیل کا دعوی

2023/12/15 14:45:12
شیئر:

امریکی ٹی وی سی بی ایس نے 14 دسمبر کو دو امریکی عہدیداروں کے حوالے سے خبر دی کہ اسرائیل نے امریکہ سے کہا ہے کہ حماس کے خلاف موجودہ کارروائی اگلے دو سے تین ہفتوں میں ختم ہوگی ، لیکن  اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ فلسطین اسرائیل تنازع کا موجودہ دور ختم ہو رہا ہے بلکہ اسرائیل مزید ٹارگٹڈ حملے کرے گا۔ اسرائیل کے وزیر دفاع گیلنٹ نے اسی دن تل ابیب میں امریکی صدر کے مشیر قومی سلامتی  جیک سلیوان کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا تھا کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوجی آپریشن کئی ماہ  جاری رہےگا۔

 غزہ کی  پٹی میں زیر زمین سرنگوں کے نیٹ ورک میں سمندری پانی داخل کرنے کا اسرائیلی آپریشن 14 تاریخ کو شروع ہوا۔ حماس کے ایک سینئر عہدیدار اسامہ حمدان نے 14 تاریخ کو  کہا کہ حماس کی سرنگوں کا ڈیزائن اس حکمت عملی اور دیگر ممکنہ خطرات کا مقابلہ کرسکتا ہے۔ فلسطینی خبر رساں ادارے کے مطابق   14 تاریخ کی شام اسرائیلی فوج نے دریائے اردن کےمغربی کنارے کے شہروں جنین، نابلس اور دیگر مقامات پر اسرائیلی فوجی کارروائیاں جاری رکھیں۔  اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے جنوبی شہروں خان یونس اور رفح پر حملے کیے جس میں درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے۔ فلسطینی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی (پالٹل گروپ) نے  14 دسمبر کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی پٹی میں مواصلات اور انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر معطل ہیں۔ لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی اطلاع کے مطابق 14 تاریخ کو اسرائیل کی جانب سے لبنان کی جنوبی سرحد پر واقع دیہات اور قصبوں بشمول امتوت، بوستان، ایٹا شاب، بیتلیو اور لامیا پر گولہ باری کی گئی۔