چین کا غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی قرارداد پر مکمل اور موثر عمل درآمد کا مطالبہ

2023/12/16 16:36:43
شیئر:

مقامی وقت کے مطابق 15 دسمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے  خصوصی  ہنگامی اجلاس میں غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال جاری رہا۔ اجلاس میں اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب چانگ چون نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے 12  تاریخ  کو منظور کی گئی قرارداد کا خیر مقدم کرتے ہیں جس میں غزہ کی پٹی میں فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ اور  اس مطالبے  پر مکمل اور موثر عمل درآمد  پر زور دیا گیا ہے ۔  چانگ جون نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ  سلامتی کونسل جنگ بندی  جیسے  بنیادی مطالبے  پر عملدرآمد نہیں کروا سکتی ۔

چانگ چون نے اس بات پر بھی  زور دیا کہ موجودہ صورتحال میں جنگ بندی  سب سے اہم ہدف ہونا چاہیے اور  عالمی  برادری کو فوری جنگ بندی کو ایک مشترکہ ہدف اور انتہائی فوری معاملہ سمجھنا چاہیے۔ انہوں نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی برادری کے عالمگیر مطالبے پر دھیان دے، اپنے فوجی حملوں کو فوری طور پر بند کرے اور مغربی کنارے میں بستیوں میں بڑھتے ہوئے تشدد کو  روکے۔

 چانگ چون نے کہا کہ چین غزہ میں اقوام متحدہ کے امدادی اداروں کی مسلسل امدادی کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور انسانی  امداد  کی رسائی کو بڑھانے اور اسے بغیر کسی رکاوٹ کے غزہ کی پٹی میں داخل ہونے کی اجازت دینے کے لئے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین تمام قیدیوں کو جلد از جلد رہا کرنے کی مزید سفارتی کوششوں کی  بھی حمایت کرتا ہے۔