غزہ کے وسطی اور جنوبی حصوں میں مواصلاتی اور انٹرنیٹ سروسز کی بتدریج بحالی

2023/12/18 10:15:15
شیئر:

مقامی وقت کے مطابق 17دسمبر کو  اسرائیلی وزیر خارجہ کوہن نے میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ غزہ میں اس مرحلے میں جنگ بندی "ایک غلطی ہو گی اور یہ  حماس کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی"۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اسرائیل لبنان سرحد کی صورتحال کے بارے میں اسرائیل کے رویے کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ "جنگ سے بچنے کا موقع موجود ہے"، لیکن اسرائیل کشیدگی میں کسی بھی اضافے سے نمٹنے کے لئے کارروائی کرے گا۔ اسی روز فرانس کے وزیر خارجہ کولونا نے اسرائیل کے دورے کے دوران غزہ میں فوری طور پر پائیدار جنگ بندی کی اپیل کی ۔

سترہ دسمبر کو  اسرائیلی دفاعی افواج نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی سرحد پر ایریز کراسنگ کے قریب حماس کی ایک بڑی زیر زمین سرنگ تلاش کر لی ہے جو اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ  میں تلاش کی گئی اب تک  کی  سب سے بڑی سرنگ ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سرنگ ایریز کراسنگ سے صرف 400 میٹر کے فاصلے پر واقع ہے،اس کی لمبائی 4 کلومیٹر سے زیادہ ہے اور گہرائی زمین کے نیچے تقریبا 50 میٹر  ہے۔

 اسی روز کی  شام فلسطینی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی (پالٹل) نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کہا کہ غزہ کے وسطی اور جنوبی حصوں میں مواصلاتی اور انٹرنیٹ سروسز بتدریج بحال کردی گئی ہیں اور کمپنی کا عملہ غزہ کے شمالی حصے میں مواصلاتی خدمات کی بحالی کے لیے اپنی پوری کوشش کر رہا ہے۔

ادھر  مصر کے قاہرہ نیوز چینل کی 17 تاریخ کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق اسی دن امدادی سامان لے جانے والے 40 ٹرک رفح کراسنگ کے ذریعے غزہ  میں داخل ہوئے۔ اس کے علاوہ ایندھن لے جانے والے چھ ٹرک غزہ میں داخل ہوں گے۔ اسی دن العربیہ ٹی وی نے اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر سے ملنے والی معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے خبر دی  کہ 7 اکتوبر کو فلسطین اسرائیل تنازع کے آغاز سے لیکر اب تک پہلی بار انسانی امداد لے جانے والے ٹرک کرم شالوم کراسنگ کے ذریعے غزہ کی پٹی میں داخل ہوئے ہیں۔