فلپائن بات چیت کے ذریعے اختلافات کو حل کرنے کے اپنے وعدے پر عمل کرے ۔سی ایم جی کا تبصرہ

2023/12/21 21:32:37
شیئر:

بیس دسمبر کو سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے درخواست پر فلپائنی وزیر خارجہ اینریک آسٹریا منالو کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی۔وانگ ای نے کہا کہ چین اور فلپائن کے موجودہ تعلقات کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ فلپائن نے اب اپنے پالیسی موقف میں تبدیلی کی ہے اور  اپنے وعدوں سے انحراف کیا ہے۔ چین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ چین اور فلپائن کے تعلقات ایک دوراہے پر ہیں اور فلپائن کو دانشمندی سے کام لینا چاہئے۔

حالیہ برسوں میں، چین اور فلپائن کے تعلقات عمومی طور پر اچھے رہے ہیں. تاہم فلپائن نے بحیرہ جنوبی چین کے معاملے پر کشیدگی کو بڑھانے کی کوششیں کیں ۔ مبصرین کے مطابق اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ فلپائن کے رہنما سخت موقف کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی مقبولیت کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری طرف فلپائن میں کچھ لوگ امریکہ کی نام نہاد "انڈو پیسیفک حکمت عملی" سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مزید بیرونی قوتوں کو راغب کرنا چاہتے ہیں تاکہ چین پر دباؤ ڈالا جا سکے۔

بحیرہ جنوبی چین کے مسئلے پر چین نے بڑے تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، لیکن یہ بھی واضح ہے کہ چین خودمختاری کے معاملے پر کوئی رعایت نہیں دے گا۔ رواں سال چین نے اپنے حقوق کے دفاع کے لیے کئی ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔ بحیرہ جنوبی چین میں فلپائن کی بار بار اشتعال انگیزی چین اور فلپائن کے تعاون اور اس کے اپنے مفادات کو  ہی نقصان پہنچائیں گی۔

ٹیلی فونک بات چیت میں منالو نے  کہا کہ فلپائن مشترکہ طور پر مسئلے کا حل تلاش کرنے کے لیے چین کے ساتھ بات چیت کو مضبوط بنانا چاہتا ہے۔چین فلپائن کے ساتھ بات چیت اور روابط کے دروازے بند نہیں کرے گا اور امید کرتا ہے کہ فلپائن اپنی غلطیوں کو درست کرے اور بات چیت  کے ذریعے اختلافات کو حل کرنے کے اپنے وعدے پر عمل  کرے۔