فلسطینی وزارت خارجہ کا غزہ میں امداد سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد تیز کرنے کا مطالبہ

2023/12/23 15:26:36
شیئر:

 

 22 دسمبر کی شام فلسطینی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کیا  جس میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے غزہ  میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دی جانے والی امداد سے متعلق منظور کردہ قرارداد درست سمت میں ایک قدم ہے۔اس قرارداد  سے غزہ میں لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے میں مدد ملتی ہےاور ان ممالک پر دباؤ پڑتا ہے جو جان بوجھ کر قرارداد کی منظوری کو روکتے ہیں یا اس میں تاخیر کرتے ہیں۔ فلسطین کی وزارت خارجہ نے قرارداد پر عمل درآمد میں تیزی لانے کے لیے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد از جلد اس پر عمل درآمد کے لیے ایک میکانزم قائم کرے۔

 فلسطینی وزارت خارجہ نے بین الاقوامی برادری پر بھی زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کی فوجی کارروائیاں روکنے ، دو ریاستی حل پر عمل درآمد کروانے اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کا ادراک  کرنے کے لیے  اسرائیل پر دباؤ ڈالنا جاری رکھے ۔

 22 تاریخ کو  اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نےقرارداد  نمبر 2720 منظور کی تھی ، جس میں "غزہ  میں فلسطینی شہریوں کوانسانی ہمدردی کی بنیادپر بڑی مقدار میں براہِ راست فوری، محفوظ اور بلا روک ٹوک   امداد فراہم کرنے" اور "دشمنی کے مسلسل خاتمے کے لیے حالات بنانے " کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

 سلامتی کونسل کی قرارداد کے جواب میں حماس نے اسی روز ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ قرارداد غزہ  کے لوگوں کی موجودہ ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ناکافی ہے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گزشتہ پانچ روز سے امریکی حکومت قرارداد کے مسودے کے اہم نکات کو ختم کرنے کی  کوشش کر رہی تھی  جس کی وجہ سے قرارداد  کمزور ہوئی اور اس کے اثر میں کمی آئی  ہے۔ امریکہ کا یہ اقدام عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی مرضی کے منافی ہے۔