غزہ کی پٹی میں حالیہ پر تشدد لہر میں بیس ہزار چھ سو سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں

2023/12/26 10:57:23
شیئر:

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے 25 دسمبر کو کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیل کا فوجی آپریشن ابھی ختم نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج آنے والے دنوں میں اپنی کارروائیوں کو مزید تیز کرے گی اور یہ لڑائی طویل عرصے تک جاری  رکھے گی ۔

 غزہ کی پٹی میں فلسطینی محکمہ صحت کی جانب سے 25 دسمبر کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں 20 ہزار 674 فلسطینی ہلاک اور 54 ہزار 536 زخمی ہوچکے ہیں۔دوسری  جانب  اسرائیلی دفاعی افواج نے 25  تاریخ کو  بتایا کہ تنازعے کی حالیہ لہر میں  اب تک 489 اسرائیلی فوجی اور افسران ہلاک ہوئے ہیں۔

 عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے  24 تاریخ کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا کہ غزہ کی پٹی میں خوراک کی قلت نے "مقامی لوگوں کو بھوک کی خوفناک حالت میں دھکیل دیا ہے"۔

 فلسطین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں کی وجہ سے دیگر  پناہ گزین کیمپوں کی طرف جانے والی اہم سڑکیں بند ہو گئی ہیں  جس کی وجہ سے امدادی ٹیموں کا داخلہ متاثر ہوا ہے۔