ایران اور مصر تعمیری معاہدے تک پہنچنے کی راہ پر گامزن ہیں، ایرانی وزارت خارجہ

2023/12/26 10:23:30
شیئر:

مقامی وقت کے مطابق 25 دسمبرکو ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر  کنعانی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران اور مصر مذاکرات اور تبادلوں کے ذریعے تعمیری تعلقات کا ایک نیا ورق   کھول رہے ہیں۔

23 تاریخ کو ایرانی صدر  ابراہیم رئیسی نے مصری   صدر عبدالفتاح  السیسی سے  ٹیلیفونک گفتگو کی۔ فریقین نے دونوں ممالک کے تعلقات اور فلسطین اسرائیل تنازعات  جیسے مختلف  امور پر تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے سفارتی تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے پر اتفاق  بھی کیا۔ ایرانی صدر رئیسی نے مزید کہا کہ ایران فلسطینی عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

یاد رہے کہ  1979 میں ایران میں اسلامی انقلاب  کے بعد ایران اور مصر نے سفارتی تعلقات منقطع کر لیے  تھے۔ دونوں ممالک نے اب تک سفارتی تعلقات بحال نہیں کیے  اور صرف خارجہ امور  کے لیے دونوں ممالک میں  نمائندہ دفاتر قائم  ہیں۔ حال ہی میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری آئی ہے۔رواں  سال نومبر میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایران اور مصر کے سربراہان نے خصوصی مشترکہ عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی تھی۔