اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے سالِ نو کا پیغام

2023/12/29 16:56:32
شیئر:

  

 اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے 28 دسمبر کو   اپنے سالِ نو کے ویڈیو پیغام میں  بین الاقوامی برادری سے یکجہتی کو مضبوط کرنے اور امید کا دامن تھامے رکھنے کی  اپیل کی۔

 انتونیو گوتریس نے کہا کہ 2023 متعدد مصائب، تشدد اور ماحولیاتی افراتفری کا سال رہا ہے۔ انسانیت مشکلات کا شکار ہے اور ہماری زمین  بحران کا شکار ہے۔ انتونیو گوتریس نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری سے بچنے اور تشدد کا سہارا لینے سے گریز کرے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی الزامات اور طاقت کا استعمال کرنا  کوئی راستہ نہیں ہے۔ جب ہم متحد ہوتے ہیں تو انسانیت سب سے مضبوط ہوتی ہے۔

  انتونیو گوتریس نے امید ظاہر کی کہ 2024 ء اعتماد  اور  امید کی بحالی  کا سال ہوگا۔   انہوں نے کہا، "ہمیں اپنے اختلافات کو ختم کرنا ہوگا اور مل کر حل تلاش کرنا ہوگا۔ اس میں موسمیاتی تبدیلی پر فیصلہ کن کارروائی کرنا، معاشی مواقع پیدا کرنا اور زیادہ منصفانہ اور قابل رسائی عالمی مالیاتی نظام کی تشکیل شامل ہے"۔ 

انتونیو گوتریس نے کہا کہ اقوام متحدہ امن، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے دنیا کو متحد کرنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم رہے گا۔