اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا یمن کی کشیدگی میں مزید اضافے سے گریز کا مطالبہ

2024/01/13 15:50:58
شیئر:

12 جنوری کو  اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے   حوثیوں کے متعدد ٹھکانوں پر کیے جانے والے امریکی اور برطانوی فضائی حملوں پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے تمام فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2722 کی پاسداری کریں اور یمن میں کشیدگی میں مزید اضافے سے گریز کریں۔

 انتونیو گوتریس نے کہا کہ امریکہ اور برطانیہ نے متعدد ممالک کی مدد سے یمن میں متعدد اہداف پر فضائی حملے کیے ہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں سے  اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2722 کی "مکمل پاسداری" کرنے کے مطالبے کے ساتھ ساتھ اس بات پر بھی زور دیا کہ  بحیرہ احمر کے خطے میں بین الاقوامی بحری جہازوں پر حملے "ناقابل قبول" ہیں کیونکہ اس سے عالمی سپلائی چین کے تحفظ کو خطرہ لاحق ہوگا اور عالمی معاشی اور انسانی صورتحال پر منفی اثر ات مرتب ہوں گے۔

 انتونیو گوتریس نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنے بحری جہازوں کو حملے سے محفوظ رکھتے ہوئے قرارداد میں بیان کردہ بین الاقوامی قانون کی متعلقہ شقوں کے مطابق کام کریں اور تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ بحیرہ احمر اور خطے میں امن و استحکام کے لیےاقدامات  کریں تاکہ کشیدگی میں مزید اضافے سے بچا جا سکے۔ انتونیو گوتریس نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو یمن کو امن کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔  ان کا کہنا تھا کہ  یمن میں تنازع کے خاتمے کے لیے اب تک کی جانے والی کوششیں رائیگاں نہیں جانی چاہئیں۔