وانگ ای کی برازیلی صدر کے چیف خصوصی مشیر سیلسو ایمورم سے ملاقات

2024/01/20 15:43:44
شیئر:

مقامی وقت کے مطابق  19 جنوری کو  کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے برازیلیا میں  برازیلی صدر کے چیف خصوصی مشیر  سیلسو ایمورم سے  ملاقات کی۔

سیلسو ایمورم نے کہا کہ برازیل  چین  جامع اسٹریٹجک شراکت داری دوطرفہ دائرہ کار سے کہیں آگے  ہے ، برازیل باہمی جامع اسٹریٹجک تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے  چین کے ساتھ اسٹریٹجک تبادلوں اور کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ برازیل تائیوان کے معاملے پر چین کے موقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور ایک چین کے اصول کی پاسداری جاری رکھے گا، جو 50 سال قبل دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے برازیل کی حکومتوں کا اہم اتفاق رائے ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ 

وانگ ای  نے کہا کہ چین برازیل کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ کے موقع سے فائدہ اٹھا کر برازیل کے ساتھ تمام شعبوں  اور سمتوں میں تعاون کو گہرا کرنے، ترقیاتی حکمت عملیوں کو مربوط بنانے اور چین برازیل ہم نصیب معاشرے کی  تعمیر  کا خواہاں ہے۔ چین بین الاقوامی اور علاقائی معاملات میں برازیل کے مزید نمایاں کردار کی حمایت کرتا ہے اور برازیل کے ساتھ  اسٹریٹجک کوآرڈینیشن کو مضبوط بنانے کے لئے تیار ہے تاکہ زیادہ موثر طریقے سے  ترقی پذیر ممالک کے مشترکہ مفادات کا   تحفظ کیا جا سکے اور  عالمی چیلنجوں کا سامنا کیا جا سکے۔ 

فریقین نے اقوام متحدہ، برکس اور چین لاطینی امریکہ  تعاون کو مضبوط بنانے اور مرکوسر جیسے ذیلی علاقائی تعاون کی ترقی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔