افغانستان کا ایک بار پھر امریکہ سے اپنے منجمد اثاثے واپس کرنے کا مطالبہ

2024/01/30 10:16:44
شیئر:

مقامی وقت کے مطابق 29 جنوری کو  افغانستان کے دارالحکومت کابل میں "افغانستان ریجنل کوآپریشن انیشی ایٹو" کا سربراہ اجلاس منعقد ہوا جس میں افغان حکام اور متعدد ممالک کے خصوصی ایلچیوں نے شرکت کی۔  افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے اپیل کی کہ علاقائی تعاون کو فروغ دیا جائے تاکہ خطے کے عوام کو  فوائد پہنچائے جا سکیں۔اجلاس  کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ کو  افغانستان کے منجمد غیر ملکی اثاثوں کو واپس  کرنا ہوگا۔

 متقی نے کہا کہ علاقائی تعاون کا مرکز مشترکہ علاقائی مفادات کی بنیاد پر روابط کے طریقے تلاش کرنا اور رابطے  کی تکمیل سے  علاقائی اقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے تاکہ خطے کے تمام ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ افغان عبوری حکومت کے لیے علاقائی سلامتی بدستور بہت اہم ہے۔ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں انہوں نے افغانستان پر عائد یکطرفہ پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ امریکہ کو افغانستان کے منجمد غیر ملکی اثاثے واپس کرنے  چاہیئں۔ان کا کہنا تھا ہے کہ  افغانستان کے منجمد اثاثے افغانستان کو واپس کرنے ہوں گے ۔ یہ افغانوں کا حق ہے،  افغانستان کے مرکزی بینک  کا ستون  ہے  اور افغانستان کے اثاثے ہیں۔

یاد رہے کہ اگست 2021 کے آخر میں افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد افغانستان پر یکطرفہ پابندیاں عائد کی گئیں اور  افغانستان کے مرکزی بینک کے اربوں ڈالر کے سمندرپار اثاثے منجمد کر دیے گئے۔