غزہ کی پٹی میں فلسطین اسرائیل تنازعے کے موجودہ دور میں 26,900 افراد ہلاک ہو چکے ہیں

2024/02/01 10:25:07
شیئر:

 مقامی وقت کے مطابق 31 جنوری کو ٹائمز آف اسرائیل کی  اطلاع کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل قیدیوں کو بچانے کے لئے ایک اور معاہدے تک پہنچنے کے لئے کام کر رہا ہے۔ نیتن یاہو نے زور دے کر کہا کہ اسرائیل جنگ ختم نہیں کرے گا اور نہ ہی غزہ کی پٹی سے اپنی افواج واپس بلائے گا، اور ہزاروں زیر حراست فلسطینیوں کو رہا نہیں کرے گا۔ اس کے علاوہ نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل حماس کا خاتمہ کرے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ غزہ کی پٹی  آئندہ اسرائیل کے لیے خطرہ نہ رہے۔

 فلسطینی اخبار القدس الشریف نے فلسطین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی افواج نے جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس میں امل اسپتال پر حملہ کیا اور اسپتال کے استقبالیہ اور ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کے باہر بھاری فائرنگ کی۔ الجزیرہ  ٹی وی کے مطابق اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل برائے انسانی امور مارٹن گریفتھس نے کہا کہ غزہ کی پٹی کے 36 اسپتالوں میں سے صرف 14 اب بھی   جزوی طور پر کام کر رہے ہیں اور خطے کو طبی عملے اور رسد کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ 

مقامی وقت کے مطابق31 جنوری کو   غزہ کی پٹی کے محکمہ صحت نے اعلان کیا کہ اسرائیلی دفاعی افواج نے گزشتہ روز غزہ کی پٹی پر 16 حملے کیے جن میں 150 افراد ہلاک اور 313 زخمی ہوئے۔ فلسطین اسرائیل تنازع کے موجودہ دور کے آغاز سے لیکر اب تک ، غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کے باعث 26،900 افراد ہلاک اور 65،949 زخمی ہوئے ہیں۔