وسطی چلی کے جنگلات میں لگی آگ سے 112 افراد ہلاک ہو گئے

2024/02/05 10:15:42
شیئر:

چلی کی وزارت انصاف اور انسانی حقوق کے تحت قانونی طبی خدمات کی ایجنسی نے 4 تاریخ کو ایک اعلان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ  وسطی چلی میں والپرائیسو کے علاقے میں جنگل میں لگنے والی حالیہ آگ سے 112 افراد ہلاک ہو گئے ہیں.

چلی کے صدر گیبریل بورک نے اسی روز   متاثرہ علاقوں  کا دورہ کیا اور ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ آگ چلی میں 2010 کے 8.8 شدت کے زلزلے کے بعد سب سے سنگین آفت ہے، اور حکومت آگ سے متاثرین کی یاد میں  دو روزہ قومی سوگ منائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ والپرائیسو کے علاقے میں اب بھی کئی مقامات پر آگ کی شدت بہت زیادہ ہے۔ تاہم کچھ علاقوں میں آگ کمزور پڑ رہی ہے اور امدادی کارکن نقصان کا اندازہ لگانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے ہلاکتوں میں  اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

وسطی چلی کے کچھ علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری تک ہے۔ زیادہ درجہ حرارت، خشک سالی اورتیز ہواؤں نے آگ بجھانے کے کام کی پیچیدگی کو بڑھا دیا ہے۔ چلی کے متعلقہ سرکاری محکموں کے اعداد و شمار کے مطابق والپرائیسو کے علاقے میں آگ سے متاثرہ علاقہ 11,000 ہیکٹر سے تجاوز کر گیا ہے اور 3,000 سے زیادہ مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔