مقامی وقت کے مطابق 16 فروری کو لبنانی حزب اللہ کے جنرل سیکریٹری نصراللہ نے کہا کہ جنوبی لبنان میں اسرائیل کے حالیہ شدید حملوں کے نتیجے میں متعدد لبنانی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں اور اسرائیل اس کی قیمت ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا مقصد فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے نکالنا ہے۔ حزب اللہ حماس اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات میں مداخلت نہیں کرے گا اور اس کا فیصلہ حماس نے خود کرنا ہے۔
15 تا 16 فروری اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) اور حماس کے عسکریت پسندوں کے درمیان غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس کے ناصر اسپتال اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں شدید لڑائی جاری رہی۔ اسرائیلی فوج نے 16 تاریخ کو اعلان کیا کہ اسرائیلی فوج 15 فروری کو ناصر اسپتال میں داخل ہوئی اور سرچ اینڈ اریسٹ آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے حماس کے 20 سے زائد عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا جنہوں نے گزشتہ سال 7 اکتوبر کو اسرائیل پر بڑے پیمانے پر حملے میں حصہ لیا تھا۔ اسرائیلی فورسز کے مطابق انہیں ہسپتال سے حماس کے ہتھیار اور سازوسامان بھی ملے ۔
فلسطینی خبر رساں ادارے کی 16 فروری کی اطلاع کے مطابق اسرائیلی فوج نے اس روز غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر رفح پر حملہ کیا جس میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہوئے۔ 16 فروری کی صبح غزہ پٹی کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال 7 اکتوبر کو فلسطین اسرائیل تنازع کے آغاز کے بعد سے اسرائیلی فوجی آپریشن کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں 28 ہزار 775 افراد ہلاک اور 68 ہزار 552 زخمی ہوچکے ہیں۔