ساٹھویں میونخ سیکیورٹی کانفرنس کا اختتام

2024/02/19 15:20:00
شیئر:

 تین روزہ ساٹھویں  میونخ سیکیورٹی کانفرنس  مقامی وقت کے مطابق  18 فروری  کو اختتام پذیر ہوئی۔ کانفرنس میں یوکرین بحران اور فلسطین اسرائیل تنازع سمیت عالمی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور شرکاء کے درمیان کئی  معاملات پر بڑے اختلافات  دیکھنے میں آئے ۔

 روس یوکرین  تنازع پر مغربی ممالک میں اختلافات نمایاں دیکھے گئے ۔  نیٹو کے سیکریٹری جنرل جیمز اسٹولٹن برگ نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ 'نیٹو  رکن کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے'۔ فلسطین اسرائیل تنازع کے معاملے پر بین الاقوامی تنظیموں اور  مختلف ممالک کی شخصیات نے اس بات پر زور دیا کہ صرف "دو ریاستی حل" پر عمل درآمد ہی مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کو فروغ دے سکتا ہے، لیکن امریکہ سمیت  چند    ممالک کے نمائندوں نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں  کے  دفاع کی کوشش کی۔  اس مسئلے پر بہت سے یورپی ممالک نے اپنے موقف کو تبدیل کرکے جنگ بندی  کا مطالبہ کیا  لیکن یورپی یونین کے اعلی نمائندہ  برائے خارجہ امور اور سلامتی پالیسی جوزف بوریل اس  حوالے سے  مایوس ہیں کہ یورپی یونین مشرق وسطی کے مسئلے کے حل میں  کتنا کردار ادا کرسکتا ہے۔ 

کانفرنس میں بلقان اور سوڈان سمیت  دیگر علاقائی صورتحال کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلی، وبائی امراض اور مصنوعی ذہانت جیسے موضوعات پر بھی غور کیا گیا۔