21 فروری کو جی20 کے وزرائے خارجہ کا اجلاس برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں منعقد ہوا۔برازیل کے وزیر خارجہ مورو ویرا نے افتتاحی تقریب کی صدارت کی۔اس دو روزہ اجلاس میں، موجودہ ہاٹ اسپاٹ تنازعات کی وجہ سے پیدا ہونے والا بین الاقوامی بحران اور عالمی گورننس کی اصلاحات شریک فریقین کے زیرِ بحث بنیادی موضوعات تھے۔چین کے نائب وزیر خارجہ ما چاؤ شو، روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سمیت دیگر جی ٹوئنٹی رکن ممالک کے خارجہ امور کے ذمہ دار حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں رواں سال ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران نیویارک میں جی ٹوئنٹی کے وزرائے خارجہ کے دوسرے اجلاس کے انعقاد کے فیصلے کی منظوری دی گئی۔ برازیل کو امید ہے کہ اس سے اقوام متحدہ اور جی 20 کے درمیان بات چیت اور تعاون کو مضبوط بنایا جائے گا اور عالمی گورننس کی اصلاحات کو مؤثر طریقے سے فروغ دیا جائے گا۔
اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق 21 تاریخ کو مختلف ممالک کے نمائندے موجودہ اہم بین الاقوامی تنازعات پر تبادلہ خیال کریں گے، 22 تاریخ کو عالمی گورننس کی اصلاحات کے ذریعے موجودہ بین الاقوامی بحران سے نمٹنے کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اس اجلاس میں غربت میں کمی، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور ماحولیاتی تحفظ سمیت مسائل پر بھی بات چیت ہوگی۔