اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا غزہ کی پٹی میں جاری ابتر انسانی صورتحال اور یو این آر ڈبلیو اے کو درپیش سنگین چیلنجز پر مایوسی کا اظہار

2024/02/25 16:46:08
شیئر:

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کے دفتر نے 24 فروری کو کہا کہ اقوام متحدہ کی 78 ویں جنرل اسمبلی کے صدر ڈینس فرانسس نے 23 فروری کو مشرق قریب میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کے ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی کو ایک خط بھیجا، جس میں تمام ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ یو این آر ڈبلیو اے کے کام کی حمایت جاری رکھیں۔

اپنے خط میں انہوں نے غزہ کی پٹی میں جاری ابتر انسانی صورتحال اور یو این آر ڈبلیو اے کو درپیش سنگین چیلنجز پر مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ یو این آر ڈبلیو اے کو پائیدار مالی اور سیاسی مدد فراہم کریں، انہوں نے کہا کہ "75 سالوں سے یو این آر ڈبلیو اے لاکھوں فلسطینیوں کے لئے ایک ناگزیر لائف لائن رہا ہے" اور "فلسطینی عوام، خاص طور پر فلسطینی بچوں کو ایک فعال یو این آر ڈبلیو اے کی ضرورت ہے"۔

حال ہی میں، یو این آر ڈبلیو اے کے کمشنر جنرل، فلپ لازارینی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کو ایک خط بھیجا، جس میں کہا گیا کہ ایجنسی کی اپنے مینڈیٹ کو پورا کرنے کی صلاحیت "سنگین خطرے میں ہے"۔

اسرائیل نے جنوری میں یو این آر ڈبلیو اے کے عملے کے 12 ارکان کو گذشتہ سال 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے میں ملوث قرار دیا تھا۔ اس کے بعد امریکہ، کینیڈا، برطانیہ اور کئی دیگر ممالک نے اعلان کیا کہ وہ ایجنسی کو فنڈز کی فراہمی بند کر دیں گے۔ لازارینی نے کہا کہ "آج تک، اسرائیل نے یو این آر ڈبلیو اے کے ساتھ کوئی ثبوت شیئر نہیں کیا ہے"۔