چین اپنے کاروباری اداروں کے جائز حقوق اور مفادات کا بھرپور تحفظ کرے گا ، چینی وزارت تجارت

2024/02/26 19:12:16
شیئر:


چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے برطانیہ اور یورپی یونین کی جانب سے چینی کاروباری اداروں پر عائد  پابندیوں کے حوالے سے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ  اپنے  اقتصادی اور تجارتی تعاون کی اچھی رفتار کو نظر انداز کرتے ہوئے برطانیہ نے حال ہی میں روس سے متعلقہ عوامل کی بنا پر چین کی تین کمپنیوں کو نئی پابندیوں کی فہرست میں   شامل کیا ،   چین  اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔اسی طرح یورپی یونین نے روس کے خلاف پابندیوں کے 13 ویں دور میں چار چینی کمپنیوں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا۔ترجمان نے کہا کہ   یہ یکطرفہ پابندیاں اور "  دائرہ اختیار سے ماورا  اقدامات " ہیں جس کی بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اجازت کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔چین برطانیہ اور یورپی یونین پر زور دیتا ہے کہ وہ چین برطانیہ تعلقات اور چین یورپ ہمہ گیر اسٹریٹجک شراکت دارانہ تعلقات کے پیش نظر فوری طور پر غلط طرز عمل کو درست کریں اور غیر مشروط طور پر چینی کاروباری اداروں کو فہرست میں شامل کرنا بند کریں۔ چین اپنے کاروباری اداروں کے جائز حقوق اور مفادات کا بھرپور تحفظ کرے گا۔