⁠⁠⁠⁠⁠⁠⁠اسرائیل کا غزہ میں کئی مقامات پر فوجی آپریشن جاری

2024/03/24 16:51:57
شیئر:

اسرائیلی فوج نے 23 تاریخ کو ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں کئی مقامات پر فوجی کارروائیاں جاری رکھی ہیں۔ یہ کارر وائیاں اسرائیلی فوج اور اسرائیل کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سکیورٹی (جی ایس این) نے شمالی غزہ کی پٹی میں شفا ہسپتال کے علاقے میں  کی ہیں  جس میں اب تک  اسرائیلی فوج کے مطابق 170 سے زائد فلسطینی عسکریت پسند ہلاک ہو چکے ہیں اور ہتھیاروں کے متعدد ڈپو اور فوجی تنصیبات بھی دریافت ہوئی ہیں۔ اسرائیلی سدرن کمانڈ کے کمانڈر نے اسی دن کہا  کہ اسرائیلی فوج شفا ہسپتال میں اس وقت تک اپنی کارروائیاں بند نہیں کرے گی جب تک "آخری مسلح شخص کو پکڑ نہیں لیا جاتا۔"

 فلسطینی ٹی وی کی 23 تاریخ کی  خبروں کے مطابق اسرائیلی فوج نے اسی روز غزہ کی پٹی کے متعدد علاقوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم از کم 27 افراد ہلاک ہوئے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے شفا ہسپتال کا محاصرہ جاری رہنے کے بعد ہسپتال کی حالت مزید خراب ہو گئی ہے۔ اسی روز مزید پانچ مریض جاں بحق  ہوئے اور  زخمیوں کی ایک بڑی تعداد کی حالت  تشویشناک ہے۔فلسطینی ٹی وی کے مطابق  اسرائیلی فوج نے بڑی تعداد میں ڈاکٹروں اور مریضوں کو بھی  حراست میں  لیا اور  ہسپتال کی کچھ تنصیبات کو بھی نقصان پہنچایا ۔ حماس کے میڈیا آفس نے 23 تاریخ کو بتایا کہ غزہ کی پٹی کے شمالی حصے میں غزہ شہر میں امدادی سامان جمع کرنے کے ایک مقام پر اسرائیلی فورسز نے سامان وصول کرنے والے منتظر  لوگوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک اور 23 زخمی ہوئے۔ اسرائیلی فوج نے کچھ دیر بعد  اپنے ایک بیان میں اس دعوے کی تردید کی ہے۔