اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا صدارتی پریس بیان جاری، پاکستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت

2024/03/28 10:16:36
شیئر:

مقامی وقت کے مطابق27 مارچ کو ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک صدارتی پریس بیان جاری کیا، جس میں 26 مارچ کو پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ  کے  علاقے بشام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی گئی۔

سلامتی کونسل کے ارکان نے متاثرین کے اہل خانہ اور چین اور پاکستان کی حکومتوں سے اپنی گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ کسی بھی طرح کی  دہشت گردی بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کی کارروائیوں کے مجرموں، منتظمین اور مالی معاونت کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے مطابق اس سلسلے میں چین اور پاکستان کی حکومتوں کے ساتھ فعال تعاون کریں۔

صدر کے پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کا کوئی بھی عمل، اس کے مقصد سے قطع نظر، کب، کہاں یا  کس کی طرف سے ہو، یہ سب مجرمانہ اور ناقابل معافی ہے۔تمام ممالک کو  اقوام متحدہ کے چارٹر جیسے بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے مطابق دہشت گردی سے پیدا ہونے والے بین الاقوامی امن اور سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام اقدامات کرنے چاہئیں۔