29 مارچ کو چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیئن نے یومیہ پریس کانفرنس میں کہا کہ داسو میں دہشت گرد حملے کے بعد چین کا انٹر ڈیپارٹمنٹل ورکنگ گروپ 28 مارچ کو پاکستان پہنچا اور فوری طور پر پاکستان میں چینی سفارت خانے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر صورتحال سے نمٹنے کے کام کا آغاز کیا ۔ ورکنگ گروپ نے بالترتیب پاکستان کے سیکریٹری خارجہ، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں اور مطالبہ کیا کہ پاکستان اس واقعے کی جلد از جلد مکمل تحقیقات کرے، سیکیورٹی خطرات اور پوشیدہ خطرات کو مکمل طور پر ختم کرے اور پاکستان میں چینی اہلکاروں، اداروں اور منصوبوں کی مکمل حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے۔ ورکنگ گروپ پاکستان میں قیام کے دوران مزید امور بھی سر انجام دے گا ۔