مقامی وقت کے مطابق 31 مارچ کی شام فلسطینی وزیر اعظم محمد مصطفی کی سربراہی میں نئی فلسطینی حکومت نے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے شہر رملہ میں باضابطہ طور پر حلف اٹھایا۔ فلسطین کی نئی حکومت میں وزیر اعظم محمد مصطفیٰ کے علاوہ 23 وزرا بھی شامل ہیں۔
فلسطینی صدر محمود عباس نے نئی حکومت کی حلف برداری کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ نئی حکومت کارکردگی کو بہتر بنانےکے لئے وسیع پیمانے پر اصلاحات کرےگی اور تمام فلسطینیوں کو بہتر خدمات فراہم کرےگی۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کو زیادہ سے زیادہ بڑھانے، غزہ کی پٹی اور فلسطینی مغربی کنارے کی تعمیر نو کو مضبوط بنانے اور فلسطینی معیشت کی بحالی کےلئے پوری کوشش کرے گی۔محمود عباس نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطین لبریشن آرگنائزیشن فلسطینی عوام کی واحد جائز نمائندہ ہے اور فلسطین یروشلم سمیت غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے پر اسرائیلی حملوں کو روکنے اور فلسطین کو اقوام متحدہ کا مکمل رکن بنانے کے لئے عرب ممالک اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔