2 اپریل کو اقوام متحدہ، عرب لیگ اور متعدد ممالک نے شام میں ایرانی سفارت خانے کی عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ انتونیو گوتریس نے یکم اپریل کو شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارت خانے کی عمارت پر فضائی حملے کی مذمت کی ہے۔ سیکریٹری جنرل نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچائیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ کسی بھی غلط اندازے سے پہلے سے غیر مستحکم خطے میں وسیع تر تنازعہ جنم لے سکتا ہے جس کے شام، لبنان، مقبوضہ فلسطینی علاقے اور مشرق وسطیٰ میں عام شہریوں کے لئے تباہ کن نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔
عرب لیگ نے ایک بیان میں اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شام کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے اور اسرائیل کے اقدامات سے جنگ کا دائرہ وسیع ہونے اور خطے میں افراتفری پھیلنے کا خطرہ ہے۔ یورپی یونین کے خارجہ امور اور سلامتی پالیسی کے ترجمان نے کہا کہ یورپی یونین کو اس حملے سے صدمہ پہنچا ہے۔ خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں ہے۔ روس، پاکستان، سعودی عرب، لبنان، مصر اور دیگر ممالک نے بھی اس حملے کی شدید مذمت کی ہے۔