اسرائیلی حملے میں بین الاقوامی فلاحی اداروں کے سات ارکان کی ہلاکت پر امریکہ، برطانیہ سمیت دیگر ممالک کی مذمت

2024/04/03 09:45:20
شیئر:

مقامی وقت کے مطابق یکم اپریل کو  اسرائیلی حملے میں بین الاقوامی فلاحی  اداروں کے سات ارکان کی  ہلاکت  پر  2 اپریل کو امریکہ، برطانیہ، فرانس، آسٹریلیا اور کئی دیگر ممالک نے مذمت کی ہے۔

 امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے 2 تاریخ کو فرانسیسی وزیر خارجہ سیجورن کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکہ اسرائیل پر زور دیتا ہے کہ وہ حملے کی فوری، مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے۔ فرانس کے وزیر خارجہ سیجورن نے اس حملے کی مذمت کی اور اسرائیل پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی انسانی حقوق  کے  قوانین کے تحت  فلاحٰی اداروں کے ارکان کے تحفظ کے بارے میں اپنی ذمہ داری کو  پورا کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2728 پر عمل درآمد کرے۔ برطانوی دفتر خارجہ نے اسی روز برطانیہ میں اسرائیلی سفیر کو طلب کیا اور اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری تحقیقات کرے اور مکمل احتساب کرے۔ آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی وانگ نے غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں کی مذمت کی جس میں ایک آسٹریلوی امدادی کارکن اور چھ دیگر  افراد ہلاک ہوئے۔ پولینڈ کے وزیر خارجہ سکورسکی نے کہا کہ پولینڈ کی جانب سے پولینڈ میں اسرائیلی سفیر سے اس معاملے کی وضاحت طلب کی گئی ہے۔

 یاد رہے کہ  یکم اپریل کو غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملے میں بین الاقوامی فلاحٰ  اداروں کے عملے کے سات ارکان ہلاک ہو گئے تھے جن میں فلسطینیوں کے ساتھ ساتھ پولینڈ، آسٹریلیا اور برطانیہ کے علاوہ  امریکہ اور کینیڈا کی دوہری شہریت کا حامل  ایک فرد  بھی تھا۔