⁠⁠⁠⁠⁠⁠⁠فلسطین اسرائیل تنازعے کے موجودہ دور کے چھ ماہ مکمل ، غزہ کی پٹی میں غذائی عدم تحفظ شدت اختیار کر گیا

2024/04/07 09:14:00
شیئر:

گزشتہ سال 7 اکتوبر کو فلسطین اسرائیل تنازعے کے موجودہ دور کو شروع ہوئے چھ ماہ گزر چکے ہیں۔ غزہ کی پٹی میں فلسطینی محکمہ صحت کی جانب سے 6 اپریل کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال 7 اکتوبر کو فلسطین اسرائیل تنازعے کے موجودہ دور کے آغاز کے بعد سے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی  فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں  33 ہزار 137 فلسطینی جاں بحق  اور 75 ہزار 815 زخمی ہوئے ہیں۔

 غزہ کی پٹی پر اسرائیلی ناکہ بندی کے باعث  شدید انسانی بحران  ہے۔ 6 اپریل کو  ورلڈ فوڈ پروگرام نے غزہ کی پٹی میں غذائی عدم تحفظ اور بچوں کی غذائی قلت کے بارے میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے  خبردار کیا کہ  غزہ کی پٹی میں ہر ایک فرد  بھوک کا شکار ہے۔ورلڈ فوڈ پروگرام نے  انسانی ہمدردی کے کارکنوں اور انسانی امداد کے آزادانہ اور محفوظ راستے کا  بھی ایک بار پھر  مطالبہ کیا ہے۔

ادھر حماس  نے 6 تاریخ کو ایک بیان  میں کہا ہے کہ ثالثوں کی دعوت پر غزہ  جنگ بندی کے مذاکرات میں شرکت کے لیے 7 اپریل کو ایک وفد قاہرہ  بھیجا جائے گا ۔ حماس نے اپنے بیان میں غزہ کی  پٹی  میں  مستقل جنگ بندی اور اسرائیلی افواج کے انخلا کے مطالبے کا اعادہ بھی کیا۔