شی جن پھنگ نے مائیکرونیشیا کے صدر سمینا سے بات چیت کی

2024/04/09 18:12:44
شیئر:

9 اپریل کی سہ پہر  چینی صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ کے  عظیم عوامی ہال میں مائیکرونیشیا کے صدر ویزلی ڈبلیو سیمینا   کے ساتھ  مذاکرات کئے ۔ صدر شی جن پھنگ کی دعوت پر صدر سمینا  5 سے 12 اپریل تک چین کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔

شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ اس سال چین اور مائیکرونیشیا       کے  درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 35ویں سالگرہ ہے۔ چین قومی خودمختاری اور آزادی کے تحفظ ، معیشت کی بحالی  اور عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے ،  قومی حالات کے مطابق ترقیاتی راستے کے انتخاب کے لیے مائیکرونیشیا    کی حمایت کرتا ہے۔ چین مائیکرونیشیا کے ساتھ ہر سطح پر تبادلے اور مکالمے کو برقرار رکھنے، مختلف شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مضبوط بنانے اور  باہمی تعلقات کو نئی سطح پر لے جانے کے لیے تیار ہے۔ دونوں فریقوں کو "بیلٹ اینڈ روڈ" کی مشترکہ تعمیر میں تعاون کو تیز کرنا چاہیے، بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں تعاون کو مضبوط بنانا چاہیے، اور ثقافت، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں افرادی اور ثقافتی تبادلوں کو تیز کرنا چاہیے۔

شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ چین اور بحرالکاہل کے جزیروں کے ممالک کے درمیان تبادلوں کی ایک طویل تاریخ ہے اور عوام سے عوام کی گہری دوستی اور مشترکہ ترقیاتی  ضروریات ہیں۔ چین کے جزیرہ نما ممالک کے ساتھ تعلقات کی ترقی جنوب جنوب تعاون کے فریم ورک کے اندر باہمی تعاون پر مبنی ہے، اس میں نہ تو تیسرے فریق کو نشانہ بنایا جاتا ہے اور نہ ہی اس میں تیسرے فریق کی مداخلت ہونی چاہیے۔

بات چیت کے بعد، دونوں سربراہان مملکت نے مشترکہ طور پر "بیلٹ اینڈ روڈ"، گرین ڈیولپمنٹ، زراعت، طب ، صحت، انفراسٹرکچر، ترقیاتی تعاون اور دیگر شعبوں کی مشترکہ تعمیر سے متعلق متعدد دوطرفہ تعاون کی دستاویزات پر دستخط کا مشاہدہ کیا۔

دونوں فریقوں نے "عوامی جمہوریہ چین اور مائیکرونیشیا کی وفاقی ریاستوں کا مشترکہ اعلامیہ" جاری کیا۔

بات چیت سے پہلے شی جن پھنگ اور ان کی اہلیہ پھینگ لی یوان نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال  کے مشرقی دروازے کے باہر چوک پر سمینا اور ان کی اہلیہ انسیلی کے لیے ایک استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا۔

اس رات، شی جن پھنگ اور پھینگ لی یوان نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال  کے گولڈن ہال میں سمینا اور ان کی اہلیہ کے لیے استقبالیہ ضیافت کا اہتمام کیا۔