زاپوریژیا نیوکلیئر پاور پلانٹ پر حملہ،بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی ہنگامی اجلاس منعقد کرے گی

2024/04/10 10:26:34
شیئر:

 9 اپریل کو ، بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی  نے کہا کہ  زاپوریژیا  نیوکلیئر پاور پلانٹ پر ہونے والے حالیہ حملے کے حوالے سے  11 اپریل  کو ویانا ہیڈ کوارٹر ز میں ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کا ہنگامی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ 

 9 تاریخ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں آئی اے ای اے نے کہا کہ ایجنسی کو  گزشتہ روز زاپوریژیا  نیوکلیئر پاور پلانٹ پر ایک اور ڈرون حملے کی اطلاع ملی تھی ۔ اس حملے سے نیوکلیئر پاور پلانٹ کی جوہری سلامتی خطرے میں نہیں ہے۔ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل گروسی نے ایک بیان میں کہا کہ اس حملے کے پیچھے جو بھی  ہے، وہ آگ سے کھیل رہا ہے۔ ایٹمی پاور پلانٹس پر حملے انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک ہیں اور انہیں روکنا ہوگا۔

 7 اپریل کو  انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے کہا تھا کہ زاپوریژیا نیوکلیئر پاور پلانٹ میں متعین ایجنسی کے ماہرین کے مطابق اسی روز ہونے والے ڈرون حملے سے نیوکلیئر پاور پلانٹ کو نقصان پہنچا تھا لیکن اس سے نیوکلیئر پاور پلانٹ  کی سلامتی کو خطرہ  درپیش نہیں ہے ۔ 

 زاپوریژیا  نیوکلیئر پاور پلانٹ یورپ کے سب سے بڑے نیوکلیئر پاور پلانٹس میں سے ایک ہے۔ فروری 2022 میں روس - یوکرین  تنازع کے  بعد ،  پلانٹ کا کنٹرول روس نے سنبھال لیا تھا ، تب سے نیوکلیئر پاور پلانٹ پر کئی بار گولہ باری کی جا چکی ہے جس سے تشویش پیدا ہوئی ہے۔