سفیر لوؤ چاؤ ہوئی کو ہلال قائداعظم دینے کی تقریب

2024/04/17 16:10:22
شیئر:

 

سولہ تاریخ کو  بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام سول اعزاز دینے کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں سفیرپاکستان جناب خلیل ہاشمی نے صدر پاکستان کی جانب سے سفیر لوؤ چاؤ ہوئی کو ہلال قائداعظم سے نوازا۔

اعزاز حاصل کرنے والے جناب لوؤ چاؤ ہوئی ممتاز سابق سفارت کار ہونے کے ساتھ ساتھ چائنا انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین بھی ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب خلیل ہاشمی نے سفیر لوؤ چاؤ ہوئی کو یہ اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔ جناب لوؤ چاؤ ہوئی کی شاندار خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے انہیں  ایک قابل قدر دوست قرار دیا جو پاکستان کے عوام اور حکومت کی حمایت میں ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں۔

سفیر لوؤ چاؤ ہوئی نے اپنے ریمارکس میں صدر پاکستان کا انہیں "ہلالِ قائداعظم" سے نوازنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، انہوں نے پاکستان کو اپنا 'دوسرا گھر' قرار دیا۔ خاص طور پاکستان میں چین کے سفیر کی حیثیت سے مدت ملازمت کے دوران  پاکستان کی قیادت کی جانب سے ملنے والی غیر معمولی حمایت کو یاد کیا۔

 تقریب میں پاکستانی سفارت خانے کے اعلیٰ عہدیداروں سمیت پاکستانی اور چینی کمیونٹی سے وابستہ افراد نے بھرپور شرکت کی۔