24 تاریخ کو پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں ،پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے ڈائریکٹر لو چاؤحوئی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان ،چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا منتظر ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ چین کو اپنا سب سے قابل اعتماد دوست سمجھا ہے ،بنیادی مفادات کے تحفظ میں پاکستان چین کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا اور پاک -چین اقتصادی راہداری کی تعمیر کو فروغ دیتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ داسو ہائیڈرو پاور سٹیشن پر ہونے والا حالیہ دہشت گردانہ حملہ بے حد افسوسناک تھا، پاکستان مجرموں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لائے گا اور دہشت گردوں کو دونوں ممالک کی دوستی تباہ کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
لو چاؤ حوئی نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان "آہنی دوستی " وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوتی گئی ہے۔ چین اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو میں پاکستان کی فعال شرکت کو سراہتا ہے۔ ایک اہم فلیگ شپ منصوبے کے طور پر چین -پاکستان اقتصادی راہداری نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ چین ،پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے۔امید ہے کہ پاکستان میں چینی شہریوں اور کمپنیز کے تحفظ کے لیے عملی اور موثر اقدامات کیے جائیں گے۔
اپنے دورہ پاکستان کے دوران لو چاؤ حوئی نے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستانی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ سے بھی ملاقات کی اور پاکستان کے ساتھ امداد و تعاون کی دستاویزات پر دستخط کیے۔