شی جن پھنگ کی چین، فرانس اور یورپین یونین کے سہ فریقی اجلاس میں شرکت

2024/05/06 17:43:00
شیئر:

 

مقامی وقت کے مطابق 6 مئی کی صبح چین کے صدر شی جن پھنگ نے پیرس کے ایلیسی پیلس میں فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیئن کے ساتھ چین، فرانس اور یورپی یونین کے رہنماوں کے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کی۔

 شی جن پھنگ نے کہا کہ چین نے ہمیشہ چین -یورپی یونین تعلقات کو اسٹریٹجک اور طویل مدتی نقطہ نظر سے دیکھا ہے، یورپ کو چینی خصوصیات کے حامل بڑے ملک کی سفارت کاری کی ایک اہم سمت اور چینی طرز کی جدیدیت کو عملی جامہ پہنانے میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر دیکھا ہے۔ امید کی جاتی ہے کہ چین- فرانس تعلقات اور چین-یورپی یونین تعلقات ایک دوسرے کو فروغ دیں گے اور مل کر ترقی کریں گے۔شی جن پھنگ نے مزید کہا کہ اب جب کہ دنیا افراتفری اور تبدیلی کے ایک نئے مرحلے سے گزر رہی ہے، چین اور یورپی یونین کو دنیا کی دو اہم قوتوں کی حیثیت سے شراکت داروں کی پوزیشن پر قائم رہ کر مکالمے اور تعاون کوجاری رکھتے ہوئے اسٹریٹجک مواصلات ، اسٹریٹجک باہمی اعتماد ، اسٹریٹجک اتفاق رائے اور اسٹریٹجک کوآرڈینیشن کو بڑھانا ہوگا تاکہ چین-یورپی یونین تعلقات کی مستحکم اور مثبت ترقی کو فروغ دیا جاسکے اور عالمی امن و ترقی کے لیے نئی خدمات سرانجام دی جا سکیں۔

شی جن پھنگ نے اس امید کا اظہار کیا کہ  یورپی یونین کے ادارے چین کے بارے میں درست فہم حاصل  کرکے چین کے حوالے سے ایک  مثبت  پالیسی تشکیل دیں گے نیز چین-یورپی یونین تعلقات کی سیاسی بنیاد اور بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی حفاظت کریں گے.ان کا کہنا تھا کہ  چاہے تقابلی برتری کے نقطہ نظر سے دیکھیں یا عالمی مارکیٹ کی طلب کے نقطہ نظر سے ، چین کی حد سے زیادہ پیداوارکے مسئلے کا کوئی وجود نہیں  ہے۔ چین اور یورپی یونین کا تعاون ایک دوسرے کی کمی کو پورا کرنے ، باہمی مفادات اور جیت جیت پر مبنی ہے ۔  فریقین کو مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے معاشی اور تجارتی تنازعات  سے مناسب  انداز میں  نمٹنا چاہیے اور ایک دوسرے کے جائز خدشات کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ 

فرانسسی صدر امینوئیل میکرون نے کہا کہ یورپ "ڈی کپلنگ" سے اتفاق نہیں کرتا  بلکہ یورپ میں سرمایہ کاری و  تعاون کے لیے چینی کاروباری اداروں کا خیرمقدم کرتا ہے نیز  یورپ کی ویلیو چین اور سپلائی چین کی سلامتی و استحکام کو مشترکہ طور پر برقرار رکھنے کے لیے چین کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے. یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیئن نے کہا کہ یورپی یونین، اپنی ترقی کے تحفظ کے لیے چین کے جائز حق کو تسلیم کرتی ہے اور چین کے ساتھ کھل کر بات چیت کرنے اور تعاون کو مضبوط بنانے کی امید رکھتی ہے۔

تینوں رہنماؤں کا ماننا ہے کہ سہ فریقی اجلاس نے باہمی افہام و تفہیم میں اضافہ کیا ہے، تعاون پر اتفاق رائے پیدا کیا ہےاور  مسائل کو حل کرنے کے راستے کو واضح کیا ہے۔چین اور یورپی یونین اپنے تعلقات کی مثبت اور مستحکم ترقی کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔