صدر شی جن پھنگ کے خصوصی نمائندے کی اسلامی تعاون تنظیم کی 15 ویں سربراہ کانفرنس میں شرکت

2024/05/06 09:45:27
شیئر:

گیمبیا کے صدر آدما بارو کی دعوت پر صدر شی جن پھنگ کے خصوصی نمائندے اور نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے نائب چیئرمین جینگ جیئن بانگ نے 4 سے 5 مئی تک بنجول میں اسلامی تعاون تنظیم کی 15 ویں سربراہ  کانفرنس  میں شرکت کی اور افتتاحی تقریب میں صدر شی جن پھنگ کا پیغام پڑھ کر سنایا۔پانچ  مئی  کو  گیمبیا کے صدر آدما بارو   اور  جینگ جیئن بانگ  کی ملاقات بھی ہوئی ۔

جینگ جیئن بانگ نے صدر بارو کو صدر شی جن پھنگ کی جانب سے  مبارکباد پیش کی۔ جینگ جیئن بانگ نے کہا کہ چین اور گیمبیا اچھے دوست اور شراکت دار ہیں اور  چین اسلامی دنیا کے ساتھ روایتی دوستی رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین گیمبیا کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور سیاسی باہمی اعتماد کو بڑھانے، باہمی تعاون  اور  دونوں ممالک کے قانون ساز اداروں کے درمیان تبادلوں کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ  بین الاقوامی امور میں تعاون کو  آگے بڑھانے کے لیے گیمبیا کے ساتھ  مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ چین-گیمبیا دوستانہ تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکے ۔

صدر بارو نے اس ملاقات میں  صدر شی جن پھنگ کو اپنا مخلصانہ سلام پیش  کیا  اور   کانفرنس  میں  شرکت کے لیے خصوصی نمائندہ بھیجنے پر صدر شی جن پھنگ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ بارو نے کہا کہ چین نے گیمبیا کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں بہت زیادہ مدد فراہم کی ہے، گیمبیا چین کے ساتھ اپنی دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ایک چین کے اصول کی مضبوطی سے حمایت کرتا ہے اور چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔