چین کے تعاون سے ایتھوپیا کے پہلے خصوصی اقتصادی زون کی تعمیر کا آغاز

2024/05/12 15:38:46
شیئر:

10  مئی کو  ،ایتھوپیا کی ریاست  اورومیا  میں ایتھوپیا کے پہلے خصوصی اقتصادی زون ، گادا اسپیشل اکنامک زون کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں  چینی کاروباری اداروں نے اورومیا کی ریاستی حکومت کے ساتھ گادا اسپیشل اکنامک زون میں لی می فری ٹریڈ زون کی تعمیرو ترقی میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے۔

 افتتاحی تقریب میں دونوں فریقین نے "گادا اسپیشل اکنامک زون لی می فری ٹریڈ زون انویسٹمنٹ ایگریمنٹ" پر دستخط کیے۔دونوں فریق مقامی وسائل سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جدیدبین الاقوامی  ٹیکنالوجی اور مینجمنٹ کے تجربے کو متعارف کرائیں گے تاکہ  پیداوار، تجارت، تحقیق اور ترقی کو مربوط کرتے ہوئے لی می فری ٹریڈ زون کو ایک جامع آزاد تجارتی زون کے طور پر  تعمیر کیا جاسکے۔ تجارتی زون میں کافی پروسیسنگ، بانس اور لکڑی کی پروسیسنگ، مشینری و سازوسامان کی تیاری اور دیگر شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی ۔

 ایتھوپیا کے وزیر اعظم ابی احمد علی نے کہا کہ  گادا اسپیشل اکنامک زون میں متعدد ترقیاتی منصوبے شامل ہیں جو ایتھوپیا کی تعمیر، صنعتی ترقی اور برآمدی تجارت کو مضبوط بنانے میں مدد کریں گےاور بہت سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو یہاں آنے اور سرمایہ کاری کرنے کی طرف راغب کریں گے، یہ ہمارے ملک کے لیے ترقی کا ایک بہت اہم موقع ہے۔ انہوں نے چینی کمپنیز کی شرکت پر  ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ  وہ اسٹارٹ اپ زون کی سرمایہ کاری اور تعمیر کو موثر انداز میں مکمل کریں گے۔ 

 گادا اسپیشل اکنامک زون ایتھوپیا کا پہلا خصوصی اقتصادی زون ہے، جو دارالحکومت ادیس ابابا کے جنوب مشرق میں، ادیس ابابا ریلوے اور شاہراہوں کے چوراہے پر واقع ہے۔اس  اسپیشل اکنامک زون کا مقصد مسابقتی قومی اقتصادی فوائد کے ساتھ ایک صنعتی پارک قائم کرنا اور افریقہ میں ایک ماڈل اقتصادی مرکز  قائِم کرنا ہے۔