پیوٹن نے شوئیگو کو روسی سلامتی کونسل کا سیکریٹری اور بیلوسوف کو وزیر دفاع نامزد کردیا

2024/05/13 10:45:22
شیئر:

مقامی وقت کے مطابق  12 مئی کو روسی صدارتی ویب سائٹ پر  ایک نیوز ریلیز کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایک صدارتی فرمان پر دستخط کیے جس میں سابق وزیر دفاع سرگئی شوئیگو کو روسی فیڈریشن کی سلامتی کونسل کا سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ولادیمیر  پیوٹن نے اپنی پانچویں صدارتی مدت کا آغاز کرنے کے لیے کریملن میں سات تاریخ کو حلف اٹھایا تھا۔ انہوں نے 10 تاریخ کو میشوسٹن کو باضابطہ طور پر نئی حکومت کا وزیر اعظم مقرر کیا۔ پیوٹن نے 11 تاریخ کو ایک حکم نامے پر دستخط کیے جس میں میشوسٹن کی طرف سے پیش کردہ نئے حکومتی ڈھانچے کے منصوبے کی منظوری دی گئی تھی۔روسی  قانون کے مطابق میشوسٹن اس کے بعد روسی قومی ڈوما کو نئی حکومت کے وزراء کے امید واروں  کی  تجویز پیش کریں گے، جسے روسی صدر قومی ڈوما کی منظوری کے بعد مقرر کریں گے ،لیکن روس کی وزارت دفاع، فیڈرل سیکیورٹی سروس، وزارت داخلہ، وزارت انصاف، وزارت ہنگامی حالات اور وزارت خارجہ کے سربراہان کا تقرر صدر کی جانب سے فیڈریشن کونسل سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

 12 تاریخ کی شام کو روسی فیڈریشن کونسل (پارلیمنٹ کے ایوان بالا) کی  اطلاع کے مطابق ،روسی صدر پوٹن نے آندرے بیلوسوف کو ، جو پہلے روس کے اول نائب وزیر اعظم کے عہدے پر فائز تھے  روسی وزیر دفاع کے طور پر نامزد کیا ، اور سرگئی لاروف کو وزیر خارجہ ، سرگئی ناریشکن کو فارن انٹیلی جنس سروس کا سربراہ ، الیگزینڈر کولنکوف کو وزیر ہنگامی حالات ، ولادیمیر کولوکولتسیف کو وزیر داخلہ ،کونسٹینٹین ٹریچینکو کو وزیر انصاف ،الیگزینڈر بورٹنیکوف فیڈرل سکیورٹی سروس کے سربراہ  اور وکٹر زولوتوف نیشنل گارڈ کے کمانڈر ان چیف کے عہدے پر برقرار رکھنے کے لئے نامزد کیا گیا جبکہ  ویلری گراسیموف مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف کے عہدے پر برقرار ہیں۔