⁠⁠⁠⁠⁠⁠⁠اسرائیل جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے سے گریز کر رہا ہے، مصری صدر

2024/05/17 09:34:31
شیئر:

مقامی وقت کے مطابق سولہ تاریخ کو عرب  لیگ کے سربراہان مملکت کی کونسل کا 33 واں اجلاس بحرین کے دارالحکومت منامہ میں اختتام پذیر ہوا۔ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے اسی روز سربراہی اجلاس میں کہا کہ مصر نے پایا ہے کہ اسرائیل نہ صرف جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں سے گریز کر رہا ہے بلکہ غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر رفح میں فوجی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ غزہ کی پٹی کا محاصرہ کرنے کے لیے فلسطین کی جانب رفح کراسنگ کو استعمال کرنے کی بھی کوشش کر رہا ہے۔

 اسرائیلی فوج نے 16 تاریخ کو کہا  کہ اس نے فلسطینی غزہ پٹی کے جنوبی حصے کے شہر رفح میں فلسطینی مسلح گروہوں کی جانب سے استعمال کیے جانے والے طویل فاصلے تک مار کرنے والے راکٹ لانچر کو تلاش کر کے تباہ کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ اسرائیلی افواج اور فلسطینی مسلح گروہوں کے درمیان اسی دن غزہ کے کئی حصوں میں چھڑپیں ہوئیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج نے 16 تاریخ کو غزہ شہر، جبالیہ پناہ گزین کیمپ، النصریت پناہ گزین کیمپ اور رفح پر فضائی حملے جاری رکھے  جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اسی روز حماس کے  قاسم بریگیڈ نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ کے قریب اسرائیلی افواج کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کرنے کا دعویٰ کیا اور اس کے عسکریت پسندوں نے اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے راکٹوں اور مارٹر گولوں کا استعمال کیا  اور لڑائی کے دوران اسرائیلی فوجیوں کا ایک عملے کا کیریئر  تباہ کر دیا تھا جس سے اسرائیلی فوجیوں کو جانی نقصان اٹھانا پڑا ۔ 

ادھر یمن کے حوثی رہنما عبدالمالک حوثی نے 16 تاریخ کو  کہا تھا کہ  اسرائیلی بندرگاہوں کی طرف جانے والے تمام بحری جہازوں کو حوثیوں کی جانب سے نشانہ بنایا جائے گا اور ایسے تمام بحری جہاز جن پر حملہ کرنے کی صلاحیت ہوگی ضرور نشانہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے حوثیوں کے اس اقدام کو فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی قرار دیا۔