چین کے نائب صدر کی روسی صدر کے ساتھ آٹھویں چین -روس ایکسپو کی افتتاحی تقریب میں شرکت

2024/05/17 19:05:17
شیئر:

17 مئی کو ، چین کے نائب صدر ہان ژینگ اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ہاربن میں آٹھویں چین - روس ایکسپو کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔اجلاس میں صدر شی جن پھنگ  کا تہنیتی خط پڑھ کر سنایا گیا ۔

 ہان ژینگ نے کہا کہ صدر شی جن پھنگ اور صدر پیوٹن نے گزشتہ روز بیجنگ میں ملاقات کی تاکہ نئے دور میں  چین -روس تعاون کی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی ترقی کے لیے مشترکہ طور پر ایک نیا وژن اور خاکہ تیار کیا جاسکے۔ رواں سال چین اور روس کے  سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ ہے۔ چین اور روس کے درمیان باہمی سیاسی  اعتماد گہرا ہوتا جا رہا ہے اور اقتصادی و تجارتی تعاون کے  بھر پور نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ چین اور روس کے درمیان مفید باہمی تعاون نے نہ صرف دونوں ممالک اور عوام کو فائدہ پہنچایا ہے بلکہ دوطرفہ تعلقات کی ترقی میں بھی نئی جان ڈالی ہے۔ ہان ژینگ نے نشاندہی کی کہ چین- روس ایکسپو ، دونوں ممالک کی مقامی حکومتوں اور کاروباری حلقوں کے مابین تبادلوں اور تعاون کو فروغ دینے کا ایک  اہم پلیٹ فارم بن چکی  ہے۔ چین دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عمل درآمد، باہمی اعتماد کو بڑھانے، تعاون کو گہرا کرنے، مواقع سے فائدہ اٹھانے، باہمی تجارتی ترقی  کی رفتار کو مستحکم کرنے، عوامی تبادلوں کو مضبوط بنانے، مشترکہ طور پر تعاون کے نئے شعبے  تلاش کرنے اور ایک نئے دور کے لیے چین -روس جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے  مفہوم کو فروغ دینے کے لیے روس کے ساتھ کام کرنے کے لئے تیار ہے۔ 

صدر پیوٹن نے اپنی تقریر میں کہا کہ انہوں  نے بیجنگ میں صدر شی  کے ساتھ نتیجہ خیز ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات کی ترقی اور عملی تعاون میں توسیع پر اہم اتفاق رائے طے پایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم  دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کی روایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، امید ہے کہ دونوں فریقین اپنی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائیں گے، روس -چین ایکسپو کو ایک پلیٹ فارم کے طور پر فعال طور پر  جاری رکھیں  گے، معیشت و تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صنعت، اعلی اور نئی ٹیکنالوجی، سرحد پار نقل و حمل، سیاحت، زراعت اور مقامی حکومتوں کے دیگرشعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں نئی پیش رفت کو فروغ دیں گے، اتفاق رائے  حاصل کریں گے  اور دونوں ممالک کے عوام کو مزید فوائد پہنچائیں گے۔

 افتتاحی تقریب کے بعد ہان ژینگ نے پیوٹن سے ملاقات کی۔